پیر، 13 مئی، 2024

نماز اور احکام قرآن(۱)

 

نماز اور احکام قرآن(۱)

فرئض میں پہلا فرض نماز ہے ۔ دن میں پانچ مرتبہ مقررہ وقت پر نماز ادا کرنا مسلمانوں پر فرض ہے ۔ روز محشر سب سے پہلے نماز کے متعلق ہی سوال کیا جائے گا جو اس میں کامیاب ہو گیا وہ باقی سوالات میں بھی کامیاب ہو جائے گا اور جو اس میں رہ گیا وہ باقی سوالات میں بھی ناکام ہو جائے گا ۔ 
روزِ محشر کہ جاں گداز بود 
اولیں پرسشِ نماز بود
نماز اسلام کا اہم رکن ہے جس کی ادائیگی ہر حال میں لازم ہے۔ نماز مومن کی معراج ہے ، نماز مومن کی پہچان ہے ، نماز اللہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل کرنے کا ذریعہ ہے ، نماز رسول کریمﷺ کی آنکھوں کی ٹھنڈک ہے ، نمازاللہ تعالیٰ اور رسول پاکﷺ کا حکم ہے ، نماز ذکراللہ ہے ، نمازسے اللہ تعالیٰ کی معرفت حاصل ہوتی ہے ، نماز دعوت فکر ہے ، نماز دین و دنیا اور آخرت کا خزانہ ہے ، نماز عبادت ہے ، نماز ریاضت ہے ، نماز عاجزی اور درماندگی کا اظہار ہے ،نماز اظہار عبودیت ہے ، نماز دین کا ستون ہے ، نماز دل کی روشنی ہے ، نماز کفرو ایمان کے درمیان حد فاصل ہے ،نماز برائیوں کا کفارہ اور صغائر سے بچنے کا مؤ ثر ترین ذریعہ ہے ، نماز تمام مخلوقات کی عبادات کا جامع ہے ، نماز مجاہدئہ نفس ہے ، نماز حصول مغفرت ہے ، نماز عنایات خدا وندی کا ذریعہ ہے اور نما ز قبولیت دعا کا وسیلہ ہے۔ 
آئیے قرآن مجید میں نماز کے بارے میں اللہ تعالی کے فرامین پڑھیے اور نماز کے بارے میں مختلف کیفیات ، مدارج ،درجات ، انداز اور عنایات کو دیکھتے ہوئے بارگاہ الٰہی میں جھک جائیے اسی میں نجات ہے ۔ 
سورۃ لبقرۃ : وہ جو ایمان لائے ہیں غیب پر اور صحیح صحیح نماز ادا کرتے ہیں اوراس میں سے جو ہم نے روزی دی خرچ کرتے ہیں ( ۳)۔  اور نماز صحیح ادا کرو اور زکوٰۃ ادا کرو اور رکوع کرو رکوع کرنے والوں کے ساتھ( ۴۳)۔اور مددلو صبر اور نما ز سے اور بے شک نماز ضرور بھاری ہے مگر عاجزی کرنے والوں پر ( بھاری نہیں ) ( ۴۵) ۔اور صحیح ادا کرنا نماز اور دیتے رہنا زکوۃ (۸۳)۔ اور صحیح ادا کرو نماز اور زکوٰۃ ادا کرو اور جو کچھ آگے بھیجو گے اپنے لیے نیکیوں سے ضرور پائو گے اس کا اجر اللہ کے ہاں یقینا اللہ تعالیٰ جو کچھ تم کرتے ہو خوب دیکھ رہا ہے (۱۱۰)۔ اور یاد کرو جب ہم نے بنایااس گھر (خانہ کعبہ ) کو مرکز لوگوں کے لیے اور امن کی جگہ اور (انھیں حکم دیا کہ) بنا لو ابراہیم کے کھڑے ہونے کی جگہ کو جائے نماز اور ہم نے تاکید کی ابراہیم اور اسماعیل کو خوب صاف ستھرا رکھنا میرا گھر طواف کرنے والوں ، اعتکاف بیٹھنے والوں اور رکوع و سجود کرنے والوں کے لیے ( ۱۲۵)۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں