جمعرات، 21 مارچ، 2024

مسلمان کی حاجت روائی کی فضیلت

 

مسلمان کی حاجت روائی کی فضیلت

مسلمان کو چاہیے ہے کہ وہ اپنے مسلمان بھائی کی مد د کرے ۔ ارشاد باری تعالی ہے : نیکی اور پرہیز گاری میں ایک دوسرے کی معاونت کرو ۔ (سورۃ المائدہ )
حضور نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ جو شخص کسی مسلمان بھائی کی مدد اور فائدے کے لیے قدم اٹھاتا ہے ، اسے اللہ تعالی کی راہ میں جہاد کرنے کا ثواب ملتا ہے ۔ حضور نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا اللہ تعالی نے ایسی مخلوق کو پیدافرمایا ہے جن کا کام لوگوں کی ضرورتوں کو پورا کرنا ہے اور اللہ تعالی نے اپنی ذات کی قسم کھائی ہے کہ انہیں عذاب نہیں کرے گا جب  قیامت کا دن ہو گا ان کے لیے نور کے منبر رکھے جائیں گے وہ اللہ تعالی سے گفتگو کر رہے ہوں گے حالانکہ لوگ ابھی حساب میں ہوں گے ۔ 
نبی کریم ﷺ نے اشاد فرمایا :جو کسی مسلمان بھائی کی حاجت پوری کرنے کی کوشش کرتا ہے چاہے اس کی حاجت پوری ہو یا نہ ہو اللہ تعالی کوشش کرنے والے کے اگلے پچھلے سب گناہوں کو بخش دیتا ہے اور اس کے لیے دو باتیں لکھ دی جاتی ہیں جہنم سے رہائی اور منافقت سے برائت ۔ 
حلیہ میں ابو نعیم نقل کرتے ہیں کہ حضور نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا : جو شخص کسی مسلمان بھائی کی حاجت پوری کرتاہے میں اس کے میزان کے قریب کھڑا ہوں گا اگر اس کی نیکیاں زیادہ ہوئیں تو ٹھیک ورنہ میں اس کی شفاعت کرو ں گا ۔ 
حضرت انس رضی اللہ تعالی عنہ سے مروی ہے حضور نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا : جب کوئی شخص مسلمان بھائی کی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے چلتا ہے تو اللہ تعالی ہر قدم کے بدلے اس کے نامہ اعمال میں ستر نیکیاں لکھ دیتا ہے اور ستر گناہ معاف کر دیتا ہے ۔ اگر وہ حاجت اس کے ہاتھوں پوری ہو جائے تو وہ گناہوں سے ایسے پاک ہو جاتا ہے جیسے ماں کے پیٹ سے آیا تھا اور اگر اسی دوران اس کی موت واقع ہو جائے تو بلا حساب جنت میں جائے گا۔ 
حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالی عنہ سے مروی ہے حضور نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا : اللہ تعالی کے کچھ ایسے انعامات ہیں جو ان لوگوں کے لیے مخصوص ہیں جو لوگوں کی حاجت روائی کرتے رہتے ہیں اور جب وہ یہ طریقہ چھوڑ دیتے ہیں تو اللہ تعالی وہ انعامات دوسروں کو منتقل کر دیتا ہے ۔
حضور نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا : جو کسی مسلمان کی پریشانی کو دور کرے گا اللہ تعالی قیامت کی پریشانیوں میں سے اس کی ایک پریشانی دور فرمائے گا ۔ ( مسلم شریف)  

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں