جمعہ، 9 فروری، 2024

عورت کے ساتھ حسن معاشرت

 

عورت کے ساتھ حسن معاشرت

ارشاد باری تعالی ہے : اور انکے بھی حقوق ہیں (مردوں پر ) جیسے مردوں کے حقوق ہیں ان پر دستور کے مطابق ۔( سورۃ البقرۃ ) ایک شخص نے حضور نبی کریم ﷺ سے دریافت کیا عورت کا مرد پر کیا حق ہے ؟ آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا : جب تم خود کھائو اسے بھی کھلائو ، جب تم عمدہ لباس پہنو اسے بھی پہنائو اسکے چہرے پر نہ مارو اسے برا بھلا مت کہو اور گھر سے باہر اس سے اونچی آواز میں نہ بولو ۔ ( ابودائود ، ابن ماجہ ) 
حضور نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا : اے جوانوں کے گروہ تم میں سے جو شادی کی استطاعت رکھتا ہے وہ نکاح کر لے بے شک یہ نگاہ کو جھکا دیتا ہے ، شرم گاہ کی حفاظت کرتا ہے اور جو استطاعت نہیں رکھتا وہ روزے رکھے بے شک روزہ اسکی شہوت کو کم کریگا ۔ ( بخاری و مسلم ) ۔ حضرت انس رضی اللہ تعالی عنہ سے مروی ہے کہ رسول خدا ﷺ نے فرمایا : دنیا میں میرے لیے خوشبو اور عورت محبوب بنائی گئی ہے جبکہ میری آنکھوں کی ٹھنڈک نماز میں ہے ۔ ( نسائی ) میاں اور بیوی دونوں کو اچھے انداز سے اپنے فرائض ادا کرنے چاہئیں۔ حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالی عنہ کا قول ہے کہ مجھے اپنی عورت کیلئے ویسے ہی بننا سنورنا پسند ہے جیسے اس کا میرے لیے زیب و آرائش کرنا مجھے اچھا لگتا ہے ۔ بہت سے مرد حضرات اپنی بیوی سے ہنسی مذاق سے گریز کرتے ہیں کیونکہ ان کا خیال ہے کہ ایسا کرنے سے گھر میں ان کا رعب ختم ہو جائیگا ۔لیکن یہ بات بالکل غلط ہے اگر ایسا ہو تا تو حضور نبی کریم ﷺ ضرور ایسا طریقہ اپناتے ۔ مگر حضور نبی کریم ﷺ اپنی ازواج مطہرات کے ساتھ ہنسی مذاق بھی کرتے اور ان سے دل بستگی بھی کرتے ۔حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالی عنہا بیان فرماتی ہیں کہ ایک مرتبہ وہ حضور نبی کریم ﷺ کے ساتھ سفر پر جا رہی تھیں تو آپ ﷺ نے انکے ساتھ دوڑ کا مقابلہ کیا ۔ آپ فرماتی ہیں کہ ایک بار میں ان سے آگے نکل گئی اور ایک مرتبہ آپ ﷺ آگے نکل گئے ۔ حضور نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا : مسلمانوں کیلئے تمام کھیل کود باطل ہیں سوائے تیر انداز ی کے اور گھڑ سواری کے اور اپنے اہل  وعیال کے ساتھ کھیل کود کے بے شک یہ سب ٹھیک ہیں ۔ (ترمذی) حضور نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ بے شک عورت ٹیڑھی پسلی سے تخلیق کی گئی ہے اور سب سے زیادہ ٹیڑھی پسلی سب سے اوپر والی ہوتی ہے ۔ اگر تم اسے سختی سے سیدھا کرو گے تو اسے توڑ دو گے اور اسے ایسے ہی چھوڑ دو گے تو وہ ٹیڑھی ہو جائیگی ۔ پس عورتوں کو اچھی طرح نصیحت کرو ۔ ( بخاری ) 

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں