منگل، 20 فروری، 2024

جنت کے انعامات

 

جنت کے انعامات

جنت اللہ تبارک وتعالی کی بہت بڑی نعمت ہے ۔ جو جنت میں داخل ہو گا وہ ہمیشہ اس میں رہے گا ۔ وہ کبھی بھی تنگدست نہیں ہو گا ۔اسے کبھی بھی موت نہیں آئے گی ۔ اس کے کپڑے بوسیدہ نہیں ہو ں گے ۔اور نہ ہی کبھی اس کا شباب اور حسن ختم ہو گا ۔ جنت میں انسان کو ایسی نعمتیں ملیں گی جو کسی انسان نے نہ پہلے کبھی دیکھی ہوں گی اور نہ کبھی سنی ہوں گی ۔ارشاد باری تعالی ہے : کوئی نہیں جانتا کہ ان کے اعمال کے بدلے میں ان کے لیے آنکھوں کی ٹھنڈک کی کون کون سی چیزیں پوشیدہ رکھی گئیں ہیں۔ ( سورة سجدہ ) 
جنت کے ارد گرد مصیبتوں ، پریشانیوں اور تکلیفوں کی باڑ ھ لگا دی گئی ہے ۔ جنت میں کسی بھی قسم کی مصیبت برداشت نہیں کرنی پڑے گی ۔ جنت کا محل سونے چاندی کی اینٹوں اور کستوری کے گارے سے بنا ہوا ہے۔جنت میں ہیرے اور جواہرات کی کنکریاں ہوں گی ۔ جنت کی مٹی زعفران کی ہوگی ۔ حسد و کینہ اور بغض جیسی فضول چیزیں دل سے نکل جائیں گی ۔ اہل جنت کے چہرے بڑے حسین و جمیل ہوں گے ، ان کی صحت قابل رشک ہو گی ۔ ان کے دل بڑے مطمئن ہوں گے اور وہ بہت زیادہ خوش ہوں گے ۔ انھیں کبھی کسی قسم کی تنگی اور تنگ دستی نہیں ہو گی ۔ آسائش ان کے قدم چومے گی ۔ اہل جنت سکون و اطمینان کی زندگی بسر کریں گے ۔ خوش ذائقہ پھلوں کی ڈالیاں ان کے ارد گرد جھوم رہی ہوں گی ۔
ارشاد باری تعالی ہے : ان کے لیے جاری چشمے سے شراب طہور کے بھرے جام گردش کر رہے ہوں گے ۔ نہایت سفید رنگ پینے والوں کے لیے لذت والی ، نہ اس سے سر چکرائے گا اور نہ اس سے مدہوش ہوں گے ۔ ( سورة لصفت)
جنت کے خادموں کا تذکرہ کرتے ہوئے اللہ تعالی ارشاد فرماتا ہے : اور ان کی خدمت میں سدا نو خیز رہنے والے لڑکے پھرتے ہوں گے جب انہیں دیکھیں گے تو انہیں بکھرے ہوئے موتی سمجھیں گے۔ (سورة الدھر) ۔ وہاں تھوک اور پیشاب پاخانے کا تصور تک نہ ہو گا ۔ ارشاد باری تعالی ہے : ان کے لیے وہاں پاکیزہ بیویاں ہوں گی اور وہ ان باغوں میں ہمیشہ رہیں گے۔ ( سورة البقرة)
جنت کی حوروں کی صفات بیان کرتے ہو ئے اللہ تعالی ارشاد فرماتا ہے : ان میں جھکی جھکی نظروں والی (حوریں)ہوں گی ۔ ان سے پہلے انہیں کسی انسان اور جن نے ہاتھ بھی نہیں لگایا ہو گا ۔ ( سورة الرحمن) 
ارشاد باری تعالی ہے : ان کے لیے بالا خانے ہیں ، ان کے اوپر بالا خانے بنے ہوئے ہیں جب کہ ان کے نیچے نہریں جاری ہیں ۔ ( سورة الزمر) 
جنت میں سب سے بڑا انعام یہ ہو گا اللہ تعالی اپنی ذات اقدس سے پردے ہٹا دے گا اور اہل جنت اللہ تعالی کا جمال بے مثال دیکھیں گے ۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں