جمعرات، 18 جنوری، 2024

ولایت(۱)

 

ولایت(۱)

 ولایت ’’و‘‘ کی زیر کے ساتھ پڑھا جائے تو لغت میں تصرف کرنے اور نصرت کے معنی میں آتا ہے اور اگر’’و‘‘ کی زبر کے ساتھ پڑھا جائے تو امارت کے معنی میں آتا ہے یہ دونوں فعل ولیت کے مصدر ہیں اس صورت میں یہ ولایت  دونوں طرح پڑھا جا سکتا ہے اور ولایت ربوبیت کے معنی میں بھی آتا ہے ارشاد باری تعالی ہے :’’ یہاں کھلتا ہے کہ اختیار سچے اللہ کا ہے ‘‘۔( سورۃ الکہف) 
یعنی قیامت کے دن کافر اسی کے ساتھ دوستی اور تعلق کا اظہار کریں گے اور اسی سے گرویدہ ہو کر اپنے معبودوں سے برات کا اظہار کریں گے ۔ اور ولایت محبت کے معنی میں بھی آتا ہے اور یہ بھی ممکن ہے کہ ولی فعیل کے وزن پر بمعنی مفعول ہو ۔ ارشاد باری تعالی ہے :’’ وہ نیکوں کو دوست رکھتا ہے ‘‘۔ (سورۃ الاعراف)
اس لیے کہ اللہ تعالی نے بندے کو اس کے افعال و اوصاف کے رحم و کرم پرنہیں چھوڑا بلکہ اسے اپنی حفاظت کی پناہ میں رکھتا ہے ۔ اور ولی فعیل کے وزن پر فاعل کے معنی میں مبالغہ کا صیغہ ہو ، کیونکہ بندہ اس کی اطاعت کو دوست رکھتاہے اور اس کے حقوق کی ادائیگی میں مداومت کرتا ہے ۔ اور اس کے غیر سے اعراض کرتا ہے ۔ لہذا پہلا جوبمعنی مفعول ہے مرید ہو گا اور دوسرا جو بمعنی فاعل ہے مراد ہو گا ۔ یہ تمام معانی اللہ تعالی سے بندے اور بندے سے اللہ تعالی کے لیے جائز ہیں ۔ اللہ تعالی اپنے دوستوں کا مدد گار اور ناصر ہے اور اللہ تعالی نے اپنے دوستوں کے ساتھ اس کا وعدہ کیا ہے ۔ ارشاد باری تعالی ہے :’’ سن لو بیشک اللہ کی مدد قریب ہے ‘‘۔( سورۃ البقرۃ)۔ ’’ اور کافروں کا کوئی مولی نہیں ۔ ( سورۃ محمد) 
جب کفار کا کوئی مدد گار اور ناصر نہیں تو اللہ تعالی لامحالہ مومنوں کا مدد گار اور ناصر ہے جو ان کی نصرت کرتا ہے، کہ ان کے عقل و ادراک ، آیات و علامات قدرت سے استدلال کرتے ہیں ۔ ان کے قلوب پر حقائق کا نزول ہوتا ہے اوران کے باطن پر براہین و آیات اپنی نقاب کشائی کرتی ہیں ۔اور نفس اور اس کی خواہشات کی مخالفت پر بھی ان کی مددکرتا ہے ۔ شیطان کی موافقت اور نفس کی پیروی سے بھی ان کی حفاظت کرتا ہے اور یہ بھی جائز ہے کہ انہیں اپنی دوستی کے لیے مخصوص فرما کر عداوت کی جگہ سے انہیں محفوظ رکھے ۔سورۃ المائدہ میں ارشاد باری تعالی ہے :’’ وہ اللہ کے پیارے اور اللہ ان کا پیارا ‘‘ یعنی اس کو اس کی دوستی کی وجہ سے محبوب رکھتے ہیں اور وہ مخلوق سے منہ پھیر لیتے ہیں یہاں تک کہ وہ ان کا دوست ہوجاتا ہے اور یہ اس کے دوست بن جاتے ہیں ۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں