بدھ، 1 نومبر، 2023

طلب رزق اور کوشش


 

طلب رزق اور کوشش

معاشرے میں بہت سے ایسے لوگ ہیں جو مالی مشکلات کی وجہ سے پریشان نظر آئیں گے اور یہ بھی ہو سکتا ہے کہ وہ ان مشکلات سے نکلنے کے لیے غلط راستے پر چل پڑیں۔ وہ ان مشکلات کو حل کرنے کے لیے منفی طریقہ تو اپنائیں گے لیکن رزق حلال کمانے کے لیے اللہ تعالی کی دی ہوئی صلاحتیوں کو استعمال میں نہیں لائیں گے۔
حضور نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ انسان رزق حلال کمانے کے لیے اپنی طرف سے پوری کوشش کرے اور کسی بھی جائز کام کو اپنی عزت نفس کے منافی نہ سمجھے۔ حضور نبی کریم ﷺ نے اپنے ہاتھ سے کمائے ہوئے کھانے کو بہترین قرار دیا۔ رسول کریم ﷺنے ارشاد فرمایا : کسی شخص کا بہترین کھانا وہ کھانا ہے جسے وہ اپنے ہاتھ سے کما کر کھاتا ہے اور اللہ تعالی کے نبی حضرت داﺅد علیہ السلام اپنے ہاتھ کی کمائی کھایا کرتے تھے۔ ( المعجم الکبیر للطبرانی ) 
حضور نبی کریم ﷺ نے کسی کے آگے ہاتھ پھیلانے سے منع فرمایا اور اپنی عزت نفس کی حفاظت کرنے کا حکم دیا۔حضور نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ کوئی شخص لکڑیوں کا گٹھا اپنی پشت پر اٹھائے (اور اسے بیچے ) یہ اس سے بہتر ہے کہ وہ کسی کے آگے ہاتھ پھیلائے۔ پھر وہ اسے دے یا نہ دے۔ ( صحیح البخاری )۔
حضور نبی کریمﷺ نے طلب رزق کے لیے جدو جہد کرنے کو کبھی بھی دنیوی معاملہ قرار نہیں دیا بلکہ آپ نے وضاحت فرمائی کہ رزق حلال کے لیے محنت کرنا یہ بھی ایسے ہی دین کا حصہ ہے جیسے نماز اور دیگرعبادات کو بجا لانا دین کا حصہ ہے۔
ایک مرتبہ ایک شخص جو مزدوری کرتا تھا حضور نبی کریم ﷺ کی بارگاہ میں حاضر ہو ا۔ اس کے ہاتھ پر چھالے بنے تھے حضور ﷺ نے اس کے ہاتھوں کو دیکھ کر فرمایا : یہ مزدوری کرنے والا ہاتھ وہ ہاتھ ہے جس سے اللہ تعالی بھی محبت فرماتا ہے اور اس کا رسول بھی محبت فرماتا ہے۔
 ایک مرتبہ رسول کریم ﷺ تشریف فرما تھے۔ آپ کے پاس سے ایک نوجوان گزرا لوگوں نے اسے دیکھا تو کہنے لگے یارسول اللہ ! کاش یہ راہ خدا میں جا رہا ہوتا۔ آپ نے فرمایا : اگر یہ اپنے چھوٹے بچوں کی روزی کی تلاش میں جا رہا ہے تو بھی راہ خدا میں جا رہا ہے۔ اور اگر اپنے بوڑھے والدین کی خدمت کرنے کے لیے جا رہا ہے تو بھی یہ راہ خدا میں نکلا ہے اور اگر یہ اس لیے جا رہا ہے کہ لوگوں کے سامنے ہاتھ نہ پھیلانا پڑے تو بھی یہ راہ خدا میں جا رہا ہے۔ اور پھر آپ ﷺنے فرمایا کہ اگر وہ ریا کاری کرتے ہوئے تکبرکا اظہار کرتے ہوئے (کمانے کے لیے ) نکلا ہے تو یہ شیطان کی راہ میں نکلا ہے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں