پیر، 7 اگست، 2023

حضور نبی کریمﷺ کی تعظیم و توقیر

 

حضور نبی کریمﷺ کی تعظیم و توقیر

حضور نبی کریمﷺ کی تعظیم و توقیر ہر مسلمان پر واجب ہے اس کے بغیر ایمان مکمل نہیں ہو سکتا۔ اللہ تعالی نے متعدد آیات مبارکہ میں مسلمانوں کو نبی کریمﷺ کی تعظیم و تو قیر کا حکم دیا ہے۔ ارشاد باری تعالی ہے:” اے ایمان والو! (نبی کریمﷺ کو اپنی طرف متوجہ کرنے کے لیے ) رَاعِنَا مت کہا کرو بلکہ (ادب سے ) انظرنَا (ہماری طرف نظر کرم فرمائیے ) کہا کرو اور (ان کا ارشاد )بغور سنتے رہا کرو ، اور کافروں کے لیے درد ناک عذاب ہے “ (سورة البقرة)۔ ایک اور جگہ ارشاد باری تعالیٰ ہے :” اے مسلمانو! تم رسول کے بلانے کو آپس میں ایک دوسرے کو بلانے کی مثل قرار نہ دو۔ بے شک اللہ ایسے لوگوں کو جانتا ہے جو تم میں سے ایک دوسرے کی آڑ میں چپکے سے کھسک جاتے ہیں۔ پس وہ لوگ ڈریں جو رسول کے امر کی خلاف ورزی کر رہے ہیں کہ (دنیا میں ہی ) انھیں کوئی آفت آ پہنچے گی یا (آخرت میں ) ان پر درد ناک عذاب آن پڑے گا “۔(سورة النور)
حضرت موسیٰ بن انس حضرت انس بن مالک سے روایت کرتے ہیں کہ حضور نبی کریم ﷺ نے فرمایا : کوئی ایسا ہے جو ثابت بن قیس کی خبر لا کر دے۔ ایک آدمی نے عرض کیا: یا رسول اللہ ﷺ !میں آپ کو ان کی خبر لا کر دوں گا۔ سو وہ گئے تو انھیں دیکھا وہ اپنے گھر میں سر جھکائے بیٹھے ہیں۔ پوچھا کیا حال ہے؟ انھوں نے جواب دیا : برا حال ہے کیونکہ میں حضورﷺ کی آواز سے اپنی آواز اونچی کر بیٹھا تھا لہٰذا میرے عمل ضائع ہو چکے اور دوزخیوں میں میرا شمار ہو گیا۔ اس آدمی نے آکر آ پﷺ کی خدمت میں ان کی تمام صورتحال عرض کی۔ آپ ﷺ نے فرمایا ان کے پاس جاو¿ اور کہو کہ تم جہنمی نہیں ہو بلکہ جنتی ہو۔
حضرت انس رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں میں نے دیکھا : حجام آپﷺ کے سر مبارک کے بال تراش رہاتھا اور آپ ﷺ کے صحا بہ آپﷺ کے گرد گھوم رہے تھے۔ ان کی کو شش تھی کہ حضور نبی اکرمﷺ کا کوئی بھی موئے مبارک زمین پر گرنے نہ پائے بلکہ ان میں سے کسی نہ کسی کے ہاتھ میں آ جائے۔
قاضی عیاض فرماتے ہیں کہ حضور نبی کریمﷺ کی عظمت و احترام میں سے یہ بھی ہے کہ جو چیز بھی آپﷺ سے منسوب ہو اس کا احترام کیا جائے۔ آپﷺ کی محافل مقدسہ ، مقامات مقدسہ جیسے مکہ مکرمہ ، مدینہ منورہ اور ہر وہ چیز جس کو آپﷺ نے کبھی مس کیا ہو یا جو آپﷺ کے ساتھ مشہور ہو گئی ہو ، ان سب کی تعظیم و تو قیر کی جائے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں