جمعہ، 4 اگست، 2023

یوم جمعہ اور نماز جمعہ کی فضیلت

 

  یوم جمعہ اور نماز جمعہ کی فضیلت

ارشاد باری تعالیٰ ہے : ” اے ایمان والوں ! جب جمعہ کے دن (جمعہ کی ) نما ز کے لیے اذان دی جائے تو فورا ً اللہ کے ذکر (یعنی خطبہ جمعہ و نماز ) کی طرف تیزی سے چل پڑو اور خرید و فروخت چھوڑ دو۔ یہ تمہارے حق میں بہتر ہے اگر تم علم رکھتے ہو۔ پھر جب نماز ادا ہو چکے تو زمین میں منتشر ہو جاﺅاور اللہ کا فضل تلاش کرنے لگو اور اللہ کو کثرت سے یا د کیا کرو تا کہ تم فلاح پاﺅ “۔ حضرت سلمان فارسی رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ حضور نبی کریم ﷺنے فرمایا : ” جو آدمی جمعہ کے روز غسل کرے اور حسب استطاعت طہارت کرے ، تیل لگائے اور خوشبو لگائے پھر اپنے گھر سے نماز جمعہ کے لیے نکلے اور دو آدمیوں کے درمیان نہ گھسے۔ پھر نماز پڑھے جو اس کے لیے لکھ دی گئی ہے۔ پھر جب امام خطبہ دے تو خاموش رہے۔ اس کے اس جمعہ سے دوسرے جمعہ تک کے گناہ بخش دیئے جاتے ہیں “۔
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے جمعہ کے روز کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا : اس میں ایک ساعت ہے جو بندہ مسلمان اسے پائے اور وہ کھڑا ہو کر نماز پڑھ رہا تو اللہ تعالی سے جو چیز مانگے گا وہی عطا فرما دی جائے گی اور ہاتھ کے اشارے سے فرمایا کہ وہ قلیل وقت ہے۔حضرت ابو موسی اشعری رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے بیٹے ابو دردہ کہتے ہیں کہ مجھ سے حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے کہا کہ کیا تم نے اپنے والد سے ساعت جمعہ کے بارے میں حضورﷺ سے کوئی حدیث سنی ہے ؟ وہ کہتے ہیں : میں نے کہا ہاں ! میں نے اپنے والد سے سنا انہوں نے کہا کہ حضورﷺ نے فرمایا : و ہ ساعت امام کے (خطبہ کے لیے ) بیٹھنے سے لے کر نماز پڑھی جانے تک ہے۔
حضرت ابو لبابہ بن عبد المنذر رضی اللہ تعالی عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :جمعہ کا دن تمام دنوں کا سردار ہے اور اللہ تعالیٰ کے ہاں سب دنوں سے زیادہ عظمت والا ہے۔یہ اللہ تعالیٰ کے ہاں قربانی اور عید الفطر کے دن سے بھی عظیم ہے۔ اس کی پانچ خوبیاں ہیں :اس میں اللہ تعالیٰ نے آدم علیہ السلام کو پیدا کیا ، اس میں آدم علیہ السلام کو زمین پر اتارا، اسی میں آدم علیہ السلام کو فوت کیا ،اس میں ایک ایسا وقت ہے جس میں بندہ اللہ تعالیٰ سے کوئی بھی چیز مانگے ، اللہ تعالیٰ اسے ضرور عطا کرتا ہے ، بشرطیکہ وہ حرام نہ ہو اور اسی میں قیامت برپا ہو گی ، ہر مقرب فرشتہ ،آسمان و زمین ، ہوا ، پہاڑ اور سمندر جمعہ کے دن خطرہ محسوس کرتے ہیں۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں