جمعرات، 17 اگست، 2023

نماز تہجد کے فضائل

 

نماز تہجد کے فضائل

قرآن مجید میں کئی آیات ایسی ہیں جن سے نماز کی فضیلت ثابت ہے ارشاد باری تعالیٰ ہے :’’ بیشک تیرا رب جانتا ہے کہ تو دو تہائی رات کے قریب کھڑا ہوتا ہے ‘‘۔ سورۃ المزمل میں ارشاد باری تعالیٰ ہے :’’ تحقیق رات کا اٹھنا نفس کو کچلنے کے لیے سخت ہے اور کام کا بہت درست کرنے والا ہے ‘‘۔ ایک اور جگہ ارشاد فرمایا :’’ اور وہ لوگ جو اپنے رب کے لیے رات کو سجدہ کرتے ہوئے اور قیام کرتے ہوئے گزارتے ہیں ‘‘۔
احادیث مبارکہ میں بھی نماز تہجد کی فضیلت بیان کی گئی ہے۔ نبی اکرم ﷺ نے فرمایا :’’ جب تم میں سے کوئی شخص سو جاتا ہے تو شیطان اس کے سر کے پیچھے گدی میں تین گرہ لگا دیتا ہے اور ہر گرہ پر یہ پھوک لگا دیتا ہے و ہ کہتا ہے کہ بہت لمبی رات باقی ہے ابھی کچھ دیر اور سو لے۔ پھر جب وہ شخص جاگ کر اللہ کا ذکر کرے تو ایک گرہ کھل جاتی ہے پھر جب وضو کرتا ہے تو دوسری گرہ کھل جاتی ہے۔ پھر جب نماز پڑھے تو تیسری گرہ بھی کھل جاتی ہے۔ اس طرح صبح جاگنے سے آدمی چا ک وچو بند اور ہشاش بشاش ہو جا تا ہے۔ ورنہ سست اور بد دل بوجھل طبیعت والا بن جاتا ہے اور اسے بھلائی نہیں ملتی ‘‘۔ 
حضور نبی کریم ﷺ نے فرمایاکہ رات میں بندے کا دو رکعتیں نماز پڑھنا دنیا اور آخرت کی تمام اشیاء سے بہتر ہے۔ اگر میری امت پر دشوار نہ ہوتا تو میں یہ دو رکعتیں ان پر فرض کر دیتا۔ حضرت جابر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا : کہ رات میں ایک ایسی گھڑی ہے کہ جب بندہ اللہ تعالیٰ سے بھلائی کا سوال کرتا ہے تو اللہ تعالیٰ اسے عطا کر دیتا ہے۔ ایک روایت میں ہے کہ بندہ دنیا وآخرت کی جو بھی بھلائی مانگتا ہے اللہ اسے عطا کرتا ہے اور یہ گھڑی ہر رات میں ہوتی ہے۔حضرت مغیرہ بن شعبہ رضی اللہ تعالی عنہ سے مروی ہے کہ حضور نبی کریم ﷺ نماز کے لیے کھڑے ہوئے یہاں تک کہ آپ ﷺ کے پائے مبارک رات میں عبادت کے لیے کھڑے ہونے کے سبب ورم ہو گئے۔ آپ ﷺ سے کہا گیا کہ یا رسول اللہ ﷺ کیا اللہ تعالیٰ نے آپ کی اگلی پچھلی خلاف اولیٰ باتوں کو معاف نہیں فرما دیا ؟ آپ ﷺ نے یہ سن کر فرمایا کہ میں اللہ تعالیٰ کا شکر گزاربندہ نہ بنو۔
 حضور نبی کریم ﷺ نے حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے فر مایا کہ کیا تم اس بات کو پسند کرتے ہو کہ تم پر زندگی ، موت ، قبر اور حشر میں اللہ تعالیٰ کی رحمت کا نزول ہو ، فرمایا جب رات کا کچھ حصہ باقی ہو اور تم رب کی رضا کے حصول کے لیے اٹھ کر عبادت کرو۔ اے ابو ہریرہ ! گھر کے کونوں میں نماز پڑھا کرو ، تمہارا گھر آسمان سے چمکتا ہوا نظر آئے گا جیسے کہ زمین والوں کو چمکتے ہوئے ستارے نظر آیا کرتے ہیں۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں