اتوار، 13 اگست، 2023

حضرت سیدنا بلال رضی اللہ تعالی عنہ (۲)

 

حضرت سیدنا بلال رضی اللہ تعالی عنہ (۲)

حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ تعالی عنہ کا گھر بھی اسی محلے میں تھا۔ وہ آتے جاتے آپ رضی اللہ تعالی عنہ پر ظلم و ستم ہوتے دیکھتے تو بیتاب ہو جاتے۔
 ایک دن آپ کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا اور آپ امیہ کے گھر تشریف لے گئے اور کہا تم بے کس غلام پر اتنا ظلم نہ کرو تمہار ا اس میں کیا نقصان ہے کہ وہ خدائے واحد کی عبادت کرتا ہے۔ امیہ نے کہا تم اس غلام پر اتنے ہی مہربان ہو تو خرید کیوں نہیں لیتے۔
 حضرت ابو بکر صدیق نے کہا میں تیار ہوں۔ امیہ نے کہا تم اپنا غلام فسطاس رومی مجھے دے دو اور اسے لے لو۔فسطاس بڑا کار گزار غلام تھا اور اہل مکہ کے نزدیک اس کی بہت زیادہ قیمت تھی حضرت ابو بکر صدیق رضا مند ہو گئے۔ جب امیہ نے حضرت ابو بکر صدیق کی حضرت بلال میں دلچسپی دیکھی تو کہنے لگا فسطاس کے ساتھ چالیس اوقیہ چاندی بھی لو گا۔ حضرت ابو بکر صدیق رضا مند ہو گئے۔
 امیہ نے اپنی طرف سے بڑے نفع کا سودا کیا تھا۔ جب آپ حضرت بلال کو لے کر جانے لگے تو امیہ ہنس کر کہنے لگا اے ابن ابی قحافہ حضرت بلال کی قیمت تم نے خود بڑھائی اگر میں تمہارے شوق کو نا دیکھتا تو میں اسے چند درموں میں بیچ دیتا۔
 آپ نے جواب دیا تمہاری نظر میں بلال کی قیمت کیا تھی ؟ تمہاری نظر اس کے رنگ پر تھی اور میری نظر اس کی روح پر تھی میں ارادہ کر کے آیا تھا کہ اگر تْو آج لاکھوں درہم ہی کیوں نہ مانگ لے میں حضرت بلال کو لے کر ہی جائوں گا۔
حضرت ابو بکر صدیق نے یہ سارا واقع آپ کو سنایا تو آپ  بہت خوش ہوئے اور فرمایا اس کار خیر میں مجھے بھی شریک کر لو۔ آپ نے عرض کی یارسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم میں نے اسے آزاد کر دیا ہے۔ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے دنیا سے پردہ فرمانے کے بعد حضرت بلال نے شام میں مستقل سکونت اختیار کر لی۔ایک رات خواب میں دیکھا کہ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم تشریف لائے ہیں اور فرمارہے ہیں کہ بلال ابھی وقت نہیں آیا کہ تم ہماری زیارت کے لیے آئو۔ آپ خواب دیکھتے ہی یہ کہتے ہوئے اٹھے لبیک یا سیدی اور اسی وقت رات کو اونٹنی پر سوار ہو کر مدینہ منورہ کی طرف چل پڑ ے۔ رات دن برابر سفر کر کے مدینہ منورہ میں داخل ہوئے۔ پہلے سیدھے مسجد نبوی پہنچے اور حضور   ؐ کو نا دیکھا تو حجروں میں تلاش کیا جب وہاں بھی نہ ملے تو مزار پر انوار پر حاضر ہوئے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں