علم کی فضیلت
قرآن مجید میں اللہ تعالی کا ارشاد ہے : اللہ نے گواہی دی ہے کہ اس کے سوا کوئی مستحق عبادت نہیں ہے اور فرشتوں اور علم والوں نے (یہ گواہی دی ) انصاف سے قائم ہو کر۔اللہ تعالی نے پہلے اپنی شہادت کا ذکر کیا ، پھر فرشتوں کی شہادت کا اور پھر اہل علم کی شہادت کا اور یہ اہل علم کی بڑی عزت افزائی ہے۔
ایک اور جگہ ارشاد ربانی ہے : تم میں سے جو کامل ایمان والے اور علم والے ہیں ، اللہ تعالی ان کے درجات بلند فرمائے گا۔
ایک اور جگہ ارشاد فرمایا : کیا جو لوگ جانتے ہیں اور جو نہیں جانتے برابر ہیں۔
ارشاد ربانی ہے کہ آپﷺ فرما دیجیے میرے اور تمہارے درمیان کافی گواہ ،اللہ ہے اور وہ جس کے پاس (آسمانی ) کتاب کا علم ہے۔
ایک اور جگہ ارشاد ربانی ہے : اللہ نے آپ پر کتاب اور حکمت نازل کی اور جن چیزوں کا آپ کو (پہلے ) سے علم نہیں تھا ان کا علم دے دیا ، اور یہ آپ پر اللہ کا عظیم فضل ہے۔
ارشاد فرمایا : دعا کیجیے اے میرے رب ! میرے علم میں اضافہ فرما۔احادیث مبارکہ میں بھی علم کی بہت زیادہ فضیلت بیان کی گئی ہے۔
حضور ﷺ نے فرمایا: میں علم کا شہر ہو ں اور علی اس کا دروازہ ہے۔
حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالی عنہما بیان کرتے ہیں کہ جنت میں عام مسلمانوں کی نسبت علماءسات سو درجہ بلند ہوں گے۔حضر ت معاویہ رضی اللہ تعالی عنہ بیان فرماتے ہیں کہ میں نے بنی اکرم ﷺ کو یہ فرماتے سنا ہے کہ اللہ تعالی جس شخص کے لیے خیر کا ارادہ کرتا ہے اس کو دین کی سمجھ عطا فرما دیتا ہے۔ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ بیان فرماتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:جو شخص علم ڈھونڈنے کے لیے کسی راستہ پر چلا ، اللہ تعالی اس کے لیے جنت کی طرف راستہ کو آسان کر دیتا ہے۔
حضرت ابو الدرداءرضی اللہ تعالی عنہ بیان کرتے ہیں کہ جو شخص علم کی طلب میں کسی راستہ پر گیا اللہ تعالی جنت کے راستوں کو اس کے لیے آسان کر دیتا ہے اور فرشتے طالب علم کی رضا کے لیے اپنے پر جھکاتے ہیں اور آسمانوں اور زمینوں کی تمام مخلوق طالب علم کی مغفرت کے لیے دعا کرتی ہیں حتی کہ پانی کی مچھلیاں بھی اور بے شک عالم کی فضیلت عابد پر ایسے ہے جیسے چودھویں رات کے چاند کی فضیلت تمام ستاروں پر ہے اور بے شک علماءانبیا ءکے وارث ہیں اور انبیاءکسی کو دینار اور درہم کا وارث نہیں بناتے ، وہ علم کا وارث بناتے ہیں سو جس نے علم کو حاصل کیا اس نے عظیم حصہ کو حاصل کیا۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں