اللہ خوش ہوتا ہے
٭ حضرت عقبہ بن عامر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے ، رسول اکرم ﷺ نے ارشادفرمایا:تمہارا پاک پروردگار بھیڑ بکریوں کے اُس چرواہے سے (بہت ) خوش ہوتا ہے جو کسی دامن کوہ میں اپنی بکریاں چراتا ہے(جب نمازکا وقت آ جاتا ہے تو )نماز کیلئے اذان دیتا ہے اورنماز ادا کرتا ہے ۔(اسکی یہ بندگی دیکھ کر)اللہ رب العزت ارشادفرماتا:دیکھو میرے اس بندے کی طرف جومجھ سے ڈرتے ہوئے اذان دیتا ہے اورنماز اداکرتا ہے میں نے اپنے (اس )بندے کی مغفرت فرمادی اور اسے جنت میں داخل کردیا ۔(ابودائود )
٭ حضرت سیدنا علی ابن ابی طالب کرم اللہ وجہہ الکریم روایت فرماتے ہیں ،نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا: اللہ تبارک وتعالیٰ اس بندے سے (بہت)خوش ہوتا ہے جب وہ یہ کلمات کہتا ہے :لاالہ الاانت انی قدظلمت نفسی ،فاغفرلی ذنوبی انہ لایغفر الذنوب الاانت۔’’اے اللہ !تیرے سوا کوئی الہ نہیں ،میں نے اپنی جان پر ظلم کیا ،میرے گناہوں کی مغفرت فرمادے،کیونکہ اے پاک پروردگارتیرے سواکوئی نہیں جو معاف کرسکے‘‘۔(اس پراللہ کریم خوش ہوکر )فرماتا ہے :میرا یہ بندہ جانتا ہے کہ اس کا ایک رب ہے جو معاف بھی کرتاہے اورسزا بھی دیتا ہے۔ (ابودائود، مسند امام حنبل،مستدرک امام حاکم)
٭ حضرت علی بن ربیعہ رحمۃ اللہ علیہ بیان کرتے ہیں ،میں امیر المومنین حضرت سیدنا علی ابن ابی طالب رضی اللہ عنہ کے پاس حاضر ہوا آپکے پاس سواری کیلئے ایک جانور لایا گیا ،جب آپ نے اپنا پائوں اُس کی رکاب میں رکھا تو پڑھا بسم اللہ پھر جب اس کی پشت پر ایستاداہوئے تو پڑھا الحمداللہ اس کے بعد یہ ورد کیا سبحن الذی سخرلنا ھذا وماکنا لہ مقرنین وانا الی ربنا لمنقلبون۔پھر تین مرتبہ کہا ا لحمداللہ پھر تین مرتبہ کہا اللہ اکبراسکے بعد پڑھا سبحٰنک انی ظلمت نفسی فاغفرلی انہ لایغفر الذنوب الاانت۔(اے اللہ ! تو پاک ہے بے شک میں نے اپنے آپ پر ظلم کیا پس تو مجھے بخش دے تیرے سواکوئی بھی گناہوں کو بخشنے والا نہیں)ان کلمات کی ادائیگی کے بعد آپ مسکرائے ،آپ سے استفسار کیا گیا ،اے امیرالمومنین آپ کس وجہ سے مسکرائے ہیں آپ نے فرمایا:میں نے حضور انور ﷺ کو اسی طرح عمل فرماتے ہوئے دیکھا جیسا کہ میں نے کیا۔آپ مسکرائے تو میں نے عرض کی ،یارسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم آپ کس وجہ سے مسکرائے ہیں؟آپ نے ارشادفرمایا:تمہارا رب اپنے بندے سے اس وقت بہت خوش ہوتا ہے جب وہ کہتا ہے رب اغفرلی ذنوبی۔(اے میرے رب میرے گناہ معاف فرمادے اوروہ بندہ جانتا ہے کہ میرے علاوہ کوئی گناہوں کو بخشنے والا نہیں ۔(ترمذی ،ابودائود)
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں