جس کو نہ ہو خوئے سوال اچھا ہے
حضرت عبدالرحمن بن عوف ؓبیان فرماتے ہیں حضور رحمت عالم ﷺنے مجھ سے کچھ وعدہ فرمارکھا تھا ۔ جب بنو قریظہ کا علاقہ فتح ہوگیا تو میں آپکی خدمت عالیہ میں حاضر ہوا تا کہ آپ اپنے وعدے کیمطابق مجھے عطا فرمائیں ۔میں نے سنا کہ آپ ارشادفرمارہے ہیں ”جو اللہ سے غنا طلب کرےگااللہ اسے غنی فرمائے گا اورجو قناعت اختیار کرےگا اللہ تعالیٰ اسے قناعت عطافرمادے گا“جب میں نے یہ سنا تو میں نے اپنے دل میں کہا میں اب آپ سے (طلب دنیا کا )کوئی سوال نہیں کروں گا۔(بزار ، الترغیب والترہیب)
حضرت ثوبان رضی اللہ عنہ بیان فرماتے ہیں کہ حضور اکرم ﷺنے ارشادفرمایا جو شخص مجھے اس بات کی ضمانت دے کہ وہ لوگوں سے کچھ نہیں مانگے گا، میں اس کیلئے جنت کا ضامن بنتا ہوں ۔میں نے عرض کی : میں اس بات کی ضمانت دیتا ہوں، راوی کہتے ہیں کہ حضر ت ثوبان اسکے بعد کبھی بھی کسی سے کچھ نہیں مانگا کرتے تھے۔(ابوداﺅد، نسائی ،ابن ماجہ)ابن ماجہ کی روایت میں ہے کہ حضور اکرم ﷺنے حضرت ثوبان سے فرمایا لوگوں سے کچھ نہ مانگا کرو، سو! آپ کا معمول یہ ہوگیا کہ جب سواری پر سوار ہوتے ہیں اوران کے ہاتھ سے کوڑا گر جاتا تو وہ کسی سے نہ کہتے بلکہ خود سواری سے اتر کر اسے اٹھاتے ۔ابوامامہ کہتے ہیں کہ اگر کوئی شخص انھیں کوڑا اٹھا کر دینا بھی چاہتا تو وہ نہ لیتے بلکہ خود ہی نیچے اترتے ۔(نسائی،طبرانی)
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں