منگل، 30 اگست، 2022

قرآن اور نماز

 

قرآن اور نماز

قرآنِ مقدس میں نماز کا حکم اس کی تاکید، اس کی پابندی اور اس پر کاربند رہنے والوں کی فضیلت کا کثرت سے ذکر کیا گیا ہے۔ اس کثرتِ ذکر سے ہی اس کی اہمیت کا اندازہ بخوبی کیا جاسکتا ہے۔ ارشاد ہوتا ہے:۔٭اور تم نماز قائم کرو اور زکوٰة اداکرو اور رکوع کرنے والوں کے ساتھ رکوع کرو۔ (البقرة ۴۳) ٭اور تم نماز قائم کرو اور شرک کرنے والوں میں سے نہ ہوجاﺅ۔(الروم ۳۱)٭اور تم نمازوں کی حفاظت کرو اور نماز وسطیٰ کی، اور کھڑے ہو جاﺅ اللہ تعالیٰ کیلئے ادب کرنیوالے بن کر۔ (البقرة ۲۳۸) یہاں نماز سے وسطیٰ سے مراد اکثر مفسرین کے نزدیک نماز عصر ہے۔ ان آیات مبارکہ میں نماز اور زکوٰة کی ادائیگی کا حکم دیا گیا۔ اقامتِ صلوٰة کے حکم کے ساتھ ہی یہ فرمایا گیا کہ تم مشرکوں میں سے نہ ہو جاﺅ۔ یہ بڑا واضح انتباہ ہے کہ اللہ رب العزت کے نزدیک نماز کی اہمیت کیا ہے اور یہ کس قدر باعظمت فریضہ ہے۔ نماز کی نہ صرف یہ کہ مکمل پابندی کی جائی بلکہ اسے مکمل ،یکسوئی،اخلاص اورتوجہ سے اداءکیا جائے۔ اپنے آپ کو سراپا نیاز بناکر اللہ کریم کی بارگاہ میں پیش کیا جائے، اور نہ صرف یہ کہ تم خود اس کی پاسداری کرواور اسے پابندی سے اداکرتے رہوبلکہ آپ خاندان اورمعاشرے میں بھی اس کارِ خیر کو جاری کرو۔ اس روشنی کو اپنے ماحول اور معاشرے میں بھی پھیلاﺅ۔ ارشاد ہوتا ہے:۔٭اور تم اپنے گھر والوں کو نماز کا حکم دو اور اس پر صبر واستقامت سے قائم رہو۔ (طہ ۱۳۲)قرآن کریم میں جہاں بھی اصحاب خیر کاذکر کیاگیا ہے بالعموم ان کی خصوصیا ت میں نماز کا تذکرہ کیا گیا ہے۔ ٭وہ جو ایمان لائے اور انہوں نے نیک عمل کئے، نماز قائم کی اور زکوٰة اداکی ان کے لئے ان کے پروردگار کے ہاں اجر ہے اور ان پر نہ خوف ہے اور نہ وہ غمگین ہوں گے۔ (البقرة ۲۷۷) ٭(یہ ایمان والے وہ ہیں ) جو نماز قائم کرتے ہیں اور ہم نے ان کو جو رزق دیا ہے اس میں سے خرچ کرتے ہیں (الانفال ۳) ٭اور وہ اپنی نمازوں کی حفاظت کرتے ہیں۔ (الانعام ۹۲) 
٭اس نے نماز قائم کی اور زکوٰة اداکی ۔ (البقرة ۱۷۷) یہ اصحاب تسلیم ورضاءاللہ کریم کے حضور میں سجدہ ریزی کا احترام کرتے ہیں اور زندگی میں اگر انہیں کہیں کوئی دشواری نظر آئے اور کسی مصیبت کا سامنا ہو تو انہیں حکم دیا گیا کہ وہ اس عظیم المرتبت عبادت کے ذریعے سے اپنے پاک پروردگار کی مدد حاصل کریں۔ ٭اور مدد لوصبر اور نماز سے اور بے شک یہ نماز بھاری ہے۔ مگر ان پر نہیں جو خشوع کرنے والے ہیں۔ (البقرة ۴۵)

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

حکمت و دانش

  حکمت و دانش حکمت کا ایک کلمہ انسان کی زندگی کا رخ بدل دیتا ہے۔ دانش کی کہی ہوئی ایک بات انسانی فکر کو تبدیل کر دیتی ہے اوربصیرت بھرا ایک ج...