پیر، 21 فروری، 2022

٭برگزیدئہ کائنات

 

٭برگزیدئہ کائنات

 حضرت واثلہ بن اسقع رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں ،حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:بے شک اللہ تبارک وتعالیٰ نے اولادِابراہیم علیہم السلام میں سے حضرت اسماعیل علیہ السلام کو چن لیاپھر ان کی اولاد میں سے بنو کنانہ کو منتخب فرمایا، بنو کنانہ کی اولاد میں سے قبیلہ قریش کو فضیلت بخشی ،قبیلہ قریش سے خاندان ہاشم کو ممتاز کیااورخاندان بنو ہاشم سے مجھے برگزیدئہ بنادیا۔(مسلم،ترمذی)

٭ حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ روایت فرماتے ہیں ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:آدم علیہ السلام کی تمام ذریت سے میں اپنے رب تعالیٰ کے نزدیک معزز ومکرم ہوں، اورمیں یہ بات فخرومباہات کے لیے نہیں کہہ رہا بلکہ اظہار حقیقت کررہا ہوں۔(ترمذی)

٭ حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما روایت کرتے ہیں، حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشادفرمایا:میں تمام پہلے گزرے ہوئے انسانوں سے اوربعد میں آنے والے انسانوں سے بارگاہِ الہٰی میں زیادہ معزز ومکرم ہوں ،میرا یہ قول ازرہ فخرو مباہات نہیں بلکہ یہ اظہارِ حقیقت ہے۔(طبرانی)

٭ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا روایت کرتی ہیں کہ حضور سرورِ عالم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشادفرمایا:ایک روزحضرت  جبرئیل علیہ السلام میرے پاس حاضر ہوئے اورعرض کیا کہ میں نے زمین کے مشارق ومغارب کو چھان مارا ہے لیکن میں نے کوئی بھی ایسا مردنہیں دیکھا جو محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم سے زیادہ افضل ہواورنہ کوئی ایسا خاندان دیکھا ہے جو خاندانِ بنوہاشم سے بڑھ کر ارفع وعلیٰ ہو۔(طبرانی ، ابونعیم،بیہقی)

٭ حضرت عقبہ بن عامر رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ حضور نبی رحمت صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشادفرمایا:(اے میرے امتیو!)میں تمہارا پیش رُوہوں ، میں تم پر گواہی دینے والا ہوں،اوربخدامیں یہاں بیٹھے ہوئے اپنے حوض کوثر کو دیکھ رہا ہوں بلاشبہ زمین کے خزانوںکی کنجیاں مجھے عطاکردی گئیں ہیں اورمجھے خدا کی قسم !اس بات کا ذرااندیشہ نہیں کہ تم میرے بعد شرک کرنے لگو گے البتہ مجھے یہ خوف ہے کہ تم دنیا کی دولت کو اورسامانِ عیش وعشرت کو جمع کرنے میں ایک دوسرے سے آگے بڑھنے کوشش کرنے لگو گے۔(الشفاء )

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں