پیر، 14 فروری، 2022

مشعل ِ راہ

 

مشعل ِ راہ

حضرت خواجہ معین الدین اجمیری ارشادفرماتے ہیں: ٭صرف نماز ہی منزل گاہ عزت کے قریب ہونے کا ذریعہ ہے ا س لیے کہ نماز مومن کی معراج ہے چنانچہ حدیث پاک میں بھی وارد ہے الصلوٰۃ معراج المومنین ۔تمام مقامات سے بالاتر نماز ہے۔ القائے ربانی کا وسیلہ اوّل نماز ہی ہے۔ ٭نماز ایک راز ہے جو بندہ اپنے پروردگار سے بیان کرتا ہے راز کہنے کے لیے کسی کاقرب چاہیے ،قرب وہی پاسکتا ہے جواس راز کے لائق اورسز اوار ہو، یہ راز سوائے نماز کے اورکسی طرح بیان نہیں ہوسکتا حدیث مبارک میں مسطور ہے   المصّلی یناجی ربہٗ یعنی نماز ادا کرنے والا اپنے ربِ کریم سے سرگوشی کرتا ہے۔ ٭حضرت خواجہ ابواللیث سمرقندی جو فقہ کے امام ہیں اور صاحب تفسیر بھی ہیں۔ انھوں نے اپنی تفسیر میں لکھا ہے آسمان سے ہرروز دوفرشتے اتر تے ہیں ایک خانہ کعبہ کی چھت پر کھڑا ہوکر بلند آواز سے کہتا ہے، اے انسانواور اے قوم جنات سنو اوراچھی طرح جان لو، جو شخص اللہ تبارک تعالیٰ کا فرض بجا نہیں لاتا وہ خدا کی پناہ میں نہیں رہتا ۔ دوسرا فرشتہ جناب رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم کے حظیرہ کی چھت پر کھڑا ہوکر آواز دیتا ہے۔ اے جن وانس سنو اورخوب سمجھ لو کہ جو شخص نبی کریم ﷺ کی سنت کو پس پشت ڈال دیتا ہے اوراس سے تجاوز کرتا ہے وہ شفاعت سے بے بہرہ رہے گا۔ ٭ایک مرتبہ میں نے خواجہ احل شیرازی کو بہت متردِ خاطر اورپریشان پایا میں نے ان سے دریافت کیا ،کیاماجراہے۔فرمانے لگے ایک روز مجھ سے (دوران وضو)انگلیوں کا خلال سہواً ترک ہوگیا ۔میں اس روز سے فکر مند اورحیرت زدہ ہوں کہ (اس ترک سنت پر ) کل قیامت کے روز اپنا چہرہ حضور خواجہ کائنات ﷺکو کیسے دکھائوں گا۔٭ایک روز نبی کریم ﷺکے سامنے ابلیس آیا، آپ نے اسے بڑا غمگین پایا، آپ نے دریافت کیا ،تیرے اس غم واندوہ کا سبب کیا ہے ۔ اس نے جواب دیا آپ کی امت کے چارگروہوں کی وجہ سے میں بڑا پریشان ہوں ۔ (۱) ایک مئوذنوں کا گروہ ہے، جو اذان کہتے ہیں۔اورجو کوئی اذان سنتا ہے اور اس کا جواب دینے میں مشغول ہوجاتا ہے۔اس طرح وہ دونوں بخشے جاتے ہیں ۔۲) دوسرا گروہ ان لوگوں کا ہے جو جہاد کیلئے نکلتے ہیں انکے گھوڑوں کے سموں کی آواز سنائی دیتی ہے جب وہ تکبیر کہتے ہیں ۔تو فرمانِ ایزدی نازل ہوتا ہے کہ میں نے انھیں اورانکے متعلقین کو بخش دیا۔ (۳)تیسرا کسب حلال سے روزی کمانے والوں کاگروہ ہے وہ کسب حلال سے خود بھی کھاتے ہیں دوسروں کو بھی کھلاتے ہیں اوراللہ حلال کمائی کی برکت سے ان سب کو بخش دیتا ہے۔ (۴) چوتھا وہ گروہ ہے جو فجر کے بعد اشراق اداکرکے مسجد سے نکلتا ہے ۔(دلیل العارفین )

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

حضرت سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا

  حضرت سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا  حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالی عنہا نبی کریم ﷺ کی زوجہ محترمہ اور حضرت سیدنا ابو بکر صدیق رضی اللہ ت...