اوقات ہمہ بود
٭حضرت ابو موسیٰ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشادفرمایا :’’جو شخص اللہ کا ذکر کرتا ہے اورجو نہیں کرتا ان دونوں کی مثال زندہ اورمردہ کی سی ہے،ذکر کرنیوالا (ہی درحقیقت) زندہ ہے اور ذکر سے غافل (حقیقت میں)مردہ ہے‘‘۔(بخاری،مسلم)٭حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشادفرمایا :’’بہت سے لوگ ایسے ہیں کہ دنیا میں نرم و گداز بستروں پر اللہ تعالیٰ کا ذکر کرتے ہیں ، جس کی وجہ سے اللہ تبارک وتعالیٰ انھیں جنت کے اعلیٰ درجوں میں پہنچادیتا ہے‘‘۔(ابن حبان )
٭نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ کویمن کا قاضی مقرر فرمایا ،مدینہ منورہ سے رخصت فرماتے ہوئے انھیں کئی نصیحتیں فرمائیں،دورانِ ملاقات انھیں یہ بھی باور فرمایا کہ شاید آئندہ انھیں شرفِ زیارت نصیب نہ ہوسکے،حضرت معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں میں نے جدائی کے وقت جوآخری گفتگو جنابِ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم سے کی وہ یہ تھی :میں نے دریافت کیاکہ سب اعمال میں سے اللہ کے نزدیک محبوب ترین عمل کیا ہے۔حضور انور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:’’تیری موت اس حال میں آئے کہ تیری زبان اللہ کے ذکر سے تر ہو‘‘۔(طبرانی )٭حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں حضور ہادی عالم صلی اللہ علیہ وسلم ارشادفرماتے ہیں :’’اللہ رب العزت کا ارشادہے ،میں اپنے بندے کے ساتھ ویسا ہی معاملہ کرتا ہوں جیسا کہ وہ میرے بارے میں گمان رکھتا ہے۔اور جب وہ مجھے یادکرتا ہے تو میں (اپنی شان کے مطابق)اس کے ساتھ ہوتا ہوں۔پس وہ مجھے اپنے دل میں یاد کرتا ہے تو میں بھی اسے اسی طرح یادکرتا ہوں۔ اگر وہ مجھے مجلس میں یادکرتا ہے تو میں اس سے بہتر مجلس (فرشتوں کے مجمع )میں اس کے ذکر کا آوازہ بلند کرتا ہوں۔اگر میرا بندہ میری جانب ایک بالشت متوجہ ہوتا ہے تو میں ایک ہاتھ اس کی طرف متوجہ ہوتا ہوں۔اور اگر وہ ایک ہاتھ بڑھاتا ہے تو میں دوہاتھ قربت عطا کردیتا ہوں۔اگر وہ چل کر میری بارگاہ میں حاضر ہوتا ہے تو میری رحمت دور کر اس کا استقبال کرتی ہے ‘‘۔(بخاری ،مسلم،ترمذی)
٭حضرت معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشادفرمایا:’’جنت میں داخل ہوجانے کے بعد اہل جنت کو دنیا کی کسی بھی چیز کا قلق اورافسوس نہیں ہوگا۔بجز اُس وقت کے جو اللہ کے ذکر کے بغیر ہی گزر گیا ‘‘۔(طبرانی)
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں