ہفتہ، 18 دسمبر، 2021

’’لاالہ الا اللّٰہ‘‘

 

’’لاالہ الا اللّٰہ‘‘

٭حضرت عبداللہ ابن عباس رضی اللہ عنہما روایت کرتے ہیں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا : ’’سب سے پہلی بات جس کو اللہ تبارک وتعالیٰ نے سب سے پہلی کتاب میں تحریر فرمایا ،وہ یہ ہے !میں اللہ ہوں ،میرے سوا کوئی معبود نہیں ،میری رحمت میرے غضب سے سبقت کر گئی ہے۔جو گواہی دے اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اور محمد (صلی اللہ علیہ وسلم)اُس کے بندے اور رسول ہیں اُس کے لیے جنت ہے۔‘‘(الدیلمی )

٭حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا : ’’جنت کا نرخ   گراں مایہ ’’لاالہ الا اللّٰہ‘‘ ہے ،اور نعمت کا  ہدیہ ’’الحمد اللّٰہ‘‘ہے۔‘‘(الدیلمی)

٭حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم روایت فرماتے ہیں جناب رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا : ’’مجھ سے جبریل نے بیان کیا ،کہ اللہ رب العزت ارشادفرماتے ہیں ’’لاالہ الا اللّٰہ‘‘میرا قلعہ ہے اور جو میرے قلعے میں داخل ہو گیا وہ میرے عذاب سے مامون ہوگیا۔‘‘(ابن عساکر )

٭حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ روایت فرماتے ہیں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشادفرمایا : ’’جب موسیٰ علیہ السلام کو ان کے پروردگار نے ’’توریت‘‘ عطافرمائی تو موسیٰ علیہ السلام نے اللہ رب العز ت کی بارگاہ میں عرض کیا : اے میرے پاک پروردگار مجھے کوئی ایسی دعا مرحمت فرمادے،جس سے میں تجھے پکارا کروں۔ارشاد ہوا،تم ہمیں ’’لاالہ الا   اللّٰہ‘‘کے ساتھ یاد کیا کرو۔موسیٰ علیہ السلام نے عرض کیا: اے پاک پروردگار یہ کلمہ تو ساری ہی مخلوق جپتی ہے ۔میں تو ایسے کلمے کا طلب گار ہوں جو میرے لیے ہی مخصو ص ہو،اور جس سے میں تجھے یاد کیا کروں۔ ارشادہوا: اے موسیٰ ! تمام آسمانوں اور ان کے اندر بسنے والی تمام مخلوق اورتمام سمندوں اور ان کے اندر رہنے والی تمام مخلوق کو ایک پلڑے میں رکھ دیا جائے ،تو اس کلمہ طیبہ والا پلڑا بھاری ہوجائے گا۔ ‘‘(مسند ابی یعلیٰ )

٭حضرت انس رضی اللہ عنہ سے مروی ہے جناب رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشادفرمایا ـ’’میں (آخرت میں) اپنے پروردگار سے سفارش کرتا رہوں گا،حتیٰ کہ عرض کروں گااے میرے پروردگار ! ہر اس شخص کے بارے میں میری سفارش قبول کرلے جس نے ’’لاالہ الا اللّٰہ‘‘کہا ہو،اللہ رب العزت ارشاد فرمائے گا(اے میرے محبوب )محمد (ﷺ)،نہیں یہ تمہارا حق نہیں ہے یہ میرا حق ہے ۔میری عزت کی قسم ! میرے حلم کی قسم!میری رحمت کی قسم! میں آج جہنم میں کسی بھی ایسے شخص کو نہ رہنے دوں گاجس نے ’’لاالہ الا اللّٰہ‘‘کہاہو۔‘‘(مسند ابی یعلیٰ)

حضرت حذیفہ بن یمان رضی اللہ عنہ سے مروی ہے ،حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے ارشادفرمایا :’’جس شخص نے  ’’لاالہ الا اللّٰہ‘‘کی شہادت دی ،فجر کی نماز کی محافظت کی،اور ناجائز خون ریزی سے اپنے ہاتھ آلودہ نہ کیے،تو وہ جنت میں داخل ہوجائے گا۔ ‘‘(کنزالعمال) 


کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

چند سورتوں اور آیات کی فضیلت(۱)

    چند سورتوں اور آیات کی فضیلت(۱) قرآن مجید پڑھنا سب عبادتوں سے افضل ہے اور خاص طور پر نماز میں کھڑے ہو کر قرآن مجیدکی تلاوت کرنا ۔ آپ...