منگل، 5 اکتوبر، 2021

مطالب ِ اذان

 

مطالب ِ اذان

’’اذان کالغوی معنی اعلام ہے یعنی کسی چیز کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کرنا، خبردار کرنا، مندرجہ ذیل آیۃ کریمہ میں یہ لفظ اپنے لغوی معنی میں استعمال ہوا ہے۔  ’’اللہ اور اسکے رسول کی طرف سے اس امر کا اعلان کیا جاتا ہے کہ مشرکین کااللہ اور اسکے رسول کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے۔(التوبہ ۳) اصطلاح شریعت میں  اذان کا معنی ہے ’’مخصوص کلمات کے ساتھ فرض نماز کے وقت کے بارے میں اعلان کرنا ہرقوم اپنے مذہبی اجتماعات کے انعقاد کے وقت کسی نہ کسی انداز سے اعلان کرتی ہے تاکہ اسکے ہم مذہبوں کا وقت کو پتہ چل جائے کہ اب انکی مذہبی رسوم ادا کرنے کا وقت ہوگیا ہے۔ سب لوگ پہنچ جائیں‘‘۔’’نبی رحمت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے پنج گانہ نمازوں کے اوقات کے اعلان کیلئے جو طریقہ اختیار کیا وہ بڑا انوکھا اور معنی خیز ہے۔ یہ چھوٹے چھوٹے جملے ہیں جو معنویت سے لبریز ہیں اور اتنے دل آویز ہیں کہ فورا دل کی گہرائیوں میں اتر جاتے ہیں۔پہلے جملے میں اس روشن حقیقت کا اعلان فرمایا جا رہا ہے کہ اللہ تعالیٰ سب سے بڑا ہے۔ سیاسی مذہبی اورعلمی معبودانِ باطل میں سے کوئی بھی نہیں جو علم حکمت اور قدرت میں اسکی ہمسری کا دم بھر سکے۔ اس حقیقت کو چار بار دہرایا تاکہ سننے والوں کی لوح دل پر یہ نقش ثبت ہوجائے، اسکے بعد وہی اعلان کرنیوالا یقین و ایمان سے سرشار ہوکر یہ گواہی دیتا ہے کہ اس سب سے بڑے کے سوا اور کوئی خدانہیں، کوئی عبادت کے لائق نہیں۔ یہ جملہ دوبارہ دہراتا ہے تاکہ سننے والوں کو اس اعلان کرنیوالے کے عقیدے کے بارے میں کوئی شک نہ رہے۔ بعد ازاں اعلان کرنیوالا ایک دوسری حقیقت کی صداقت کی گواہی دیتا ہے۔ جس نے ہمیں یہ سبق یادکرایا ہے اور جس کا نام نامی محمد (ﷺ) ہے وہ اللہ کے سچے رسول ہیں۔ ان دوحقیقتوں کے دل آویز اعلان کے بعد اب وہ مقصد وبیان کیا جا رہا ہے۔جس کیلئے یہ سارا اہتمام کیا گیا۔ ’’آ جائو نماز کی طرف، آجائو نماز کی طرف‘‘ یعنی اپنے رب کریم و قدیر کی بارگاہ عالی میں سجدہ ریز ہونے کیلئے حاضر ہوجائو، کیوں؟ اس کا جواب آنیوالے دو جملوں میں دیا۔کہ یہی نماز دونوں جہانوں میں سرفراز ہونے کا ذریعہ ہے اسی حاضری میں تمہاری فلاح دارین کا راز مضمر ہے۔ دنیا و آخرت میں سرخرو اور سرفراز ہونے کی امنگ ہے تو سارے کام چھوڑ کر اپنے مولا کریم کی بارگاہ میں حاضر ہوجائو۔ پھر اذان کی ابتدء میں بیان کردہ حقیقت کو ایک بار پھر دہرایا جا رہا ہے۔ اللہ اکبر اللہ اکبر آخرمیں دین اسلام کے اعلیٰ ترین مقصد کے ذکر کے ساتھ اذان کوختم کردیا۔ لاالہ الا اللہ یعنی اللہ تعالیٰ کے بغیر اور کوئی معبود نہیں‘‘۔(ضیاء النبی)
’’مجھے ہے حکمِ اذان لاالہ الا اللہ‘‘

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں