جمعہ، 6 اگست، 2021

کامل الحیا ء والا یمان

 

کامل الحیا ء والا یمان

حضور سید عالم ﷺکی صحبت ، تربیت اور توجہات نے حضرت عثمان غنی ؓ کو اوصاف ومحاسن کا ایک شہکار جمیل بنا دیا تھا۔ حضرت عثمان غنی ؓ معرفتِ خداوندی اور احساسِ بندگی سے معمور تھے۔ آپکی آنکھیں خوفِ خداوندی سے اکثر مصروف گریہ رہا کرتی تھیں۔ موت قبر اور عاقبت کوہمیشہ یادرکھتے تھے۔ قبروں سے گزرتے تو اس قدر روتے کہ ریش مبارک آنسوئوں سے تر ہو جاتی ۔ لوگ کہتے کہ جنت وجہنم کے ذکر سے آپ پر یہ کیفیت طاری نہیں ہوتی ۔ آخر ان قبر وں میں کیاخاص بات ہے کہ انھیں دیکھ کر آپ بے قرار ہوجاتے ہیں ۔ فرماتے کہ حضور اکرم ﷺ کا ارشاد ہے کہ قبر آخرت کی سب سے پہلی منزل ہے ۔ اگر یہ معاملہ آسانی سے طے ہوگیا تو پھر تمام مرحلے آسان ہیں ،اور اگر اس میں دشواری پیش آئی تو پھر تمام منزلیں دشوار ہوجائیں گی۔ کوئی جنازہ آپکے سامنے سے گزرتا تو آپ اسکے احترام میں کھڑے ہوجاتے اور آنکھوں سے بے اختیار آنسو نکل آتے۔ شب بیداری اورتہجد گزاری آپ کا معمول تھا۔ بعض دفعہ آپ ساری رات بیدار رہتے ۔کبھی کبھی حضور وسرور کی ایسی کیفیت طاری ہوتی کہ ایک رکعت میں پورا قرآن پاک ختم کرلیتے ۔ زمانہ خلافت میں کوئی سال ایسا نہیں گزرا جس میں حج بیت اللہ کی سعادت حاصل نہ کی۔ حیات مبارک کے آخری سال میں باغیوں نے آپکے گھر کا محاصر ہ کر رکھا تھا ،اور یہ ذوالحج کا مہینہ تھا۔ ایسے میں آپ نے حضرت عبداللہ بن عباس کو بہت زور دے کر کہا کہ وہ آپکی طرف سے امیر حج بن کر جائیں۔ جناب رسول اللہ ﷺکی ذات والا تبار سے آپکی محبت اور وابستگی کا عالم الفاظ میں رقم نہیں ہوسکتا ۔ محبت کی پاکیزہ کیفیت کے ساتھ ساتھ جذبہ اطاعت رسول سے سرشار تھے۔ اور قدم قدم پر اس کا خیال دامن گیر رہتا تھا۔ جس ہاتھ سے جناب رسالت مآب علیہ الصلوٰ ۃ والسلام کے دست مبارک پر بیعت کی، کبھی بھی اسے کسی نجاست یا محلِ نجاست سے مس نہ ہونے دیا۔ صلح حدیبیہ کے موقع پر مکہ میں سفیر بن کر بھیجے گئے تو مکہ والوں نے پہلے عمرہ کی پیش کش کی۔ لیکن آپ نے فرمایا کہ ابھی جناب رسول اللہ ﷺنے طواف نہیں فرمایا ۔ ایسے میں عثمان کیلئے زیبا نہیں ہے کہ وہ بیت اللہ کا طواف کرے۔ایک بار وضو کرنے کے بعد مسکرانے کی وجہ پوچھی گئی تو فرمایا : میں نے ایک بار حضور سید عالم ﷺ کو اسی طرح وضو کے بعد مسکراتے ہوئے دیکھا ہے۔ حضور کے اہلِ خانہ سے اصرارکرتے کہ گھر میں ضروریات زند گی کا کوئی معاملہ ہو تو انھیں ضرور مطلع کیا جائے۔ حیاء ، سخاوت،ایثار اور صلہ رحمی میں آپ ضرب المثل ہیں ۔ انکی حیا ء کے بارے میں حضور ﷺکا قول فیصل ہے کہ ’’آسمان کے فرشتے بھی عثمان سے حیاء کرتے ہیں ‘‘۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

The reality of the religion of Islam