منگل، 11 مئی، 2021

زکوٰۃ (۵)

 

زکوٰۃ (۵)

حضرت کعب بن عیاض رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ میں نے جناب رسول اللہ ﷺکو یوں ارشاد فرماتے ہوئے سنا، ہر امت کیلئے ایک فتنہ (آزمائش) ہے اورمیری امت کا فتنہ مال ہے ۔ (ترمذی) حضرت بریدہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشادفرمایا : جو قوم بھی زکوٰۃ کو روک لیتی ہے، اللہ رب العزت اسے قحط میں مبتلا کردیتا ہے۔ (طبرانی، کنزالعمال) حضرت عبداللہ ابن عمر رضی اللہ عنہ بیان فرماتے ہیں کہ رسول کریم علیہ الصلوٰۃ والتسلیم نے ایک مرتبہ ارشادفرمایا : اے مہاجرین کی جماعت پانچ باتیں ایسی ہیں اگرتم ان میں مبتلاء ہوجائو گے (تر بڑی آفت میں پھنس جائو گے)جس قوم میں بھی علی الاعلان اورکھلم کھلا بدکاری فروغ پاجائے گی اس قوم میں ایسی نئی نئی بیماریاں پیدا ہوجائیں گی جواس سے پیشتر کبھی سننے میں نہ آئی ہوں ،اور جو لوگ ناپ تول میں کمی کرنے لگیں گے ان پر قحط مشقت اور(ظالم) حکمران کا ظلم مسلط ہو جائے گااورجو قوم زکوٰۃ کو روک لے گی ان پر بارش روک لی جائے گی اگر جانور نہ ہوں تو ایک قطرہ بارش بھی نہ ہو(جانور بھی چونکہ اللہ کی مخلوق ہیں اوربے قصور ہیں لہٰذا انکی خاطر تھوڑی سی بارش ہوجاتی ہے )جو لوگ معاہدوں اور(باہم عہد و پیمان) کی خلاف ورزی کرینگے ان پر دوسری قوموں کا تسلط ہوجائیگا جوان کی مال ومتاع کو لوٹ لیں گے اورجو لوگ اللہ تبارک وتعالیٰ کے قانون کیخلاف حکم جاری کرینگے ان میں خانہ جنگی ہوجائیگی ۔(الترغیب والترہیب) حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ حضور نبی محتشم ﷺکا ارشادگرامی ہے جس مال کے ساتھ زکوٰۃ کا مال خلط ملط ہوجاتا ہے وہ اس مال کو ہلاک کئے بغیر نہیں رہتا ۔(بخاری فی التاریخ ، بیہقی ، بزار)
اس حدیث گرامی کے دومعانی بیان کیے گئے ایک یہ کہ جس مال میں زکوٰۃ واجب ہوگئی ہو اوراس میں سے زکوٰۃ ادانہ کی گئی ہو تو یہ سارا مال زکوٰۃ کے ساتھ خلط ملط ہے اورزکوٰۃ کی یہ واجب مد اورباقی مال بھی ہلاک کردیگی، امام احمد بن حنبل رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں جو شخص خود صاحب نصاب ہو لیکن خود کو مستحق زکوٰۃ اورضرورت مند باور کرواکے زکوٰۃ بھی وصول کرے تو یہ مال اسکے پہلے مال کو بھی ضائع کردے گا، فی زمانہ بہت سی خبریں ایسی سنائی دیتی ہیں کہ امیر کبیر اور آسودہ حال اہلکار، بیت المال ،زکوٰۃ اوراوقاف کا مال بلاتکلف اپنے استعمال میں لے آتے ہیں ، اسے اپنی آسائش، سہولت اورعلاج معالجہ پر خرچ کردیتے ہیں انھیں ان روایات پر سنجیدگی سے غور وفکر کرنا چاہیے، غبن اوربددیانتی کسی بھی صورت میں جائز نہیں کجا کہ اسے بیت المال ، زکوٰۃ اوراوقاف کے مال میں بروئے کار لایا جائے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں