جمعرات، 20 مئی، 2021

ایک عظیم سورت

 

ایک عظیم سورت

حضرت ابوسعید بن معلیٰ رضی اللہ عنہ کا بیان ہے کہ میں حالتِ نماز میں تھا کہ داعی برحق علیہ الصلوٰۃ والتسلیم نے مجھے آواز دی، میں اپنی نماز مکمل کرکے حاضر ہوا اورگزارش کی کہ میں نماز پڑھ رہا تھا، آپ نے فرمایا:کیا اللہ تعالیٰ کا یہ فرمان نہیں کہ جب اللہ تعالیٰ اوراس کا رسول تمہیں بلائیں تو تعمیل ارشادکرو،اس کے بعد آپ نے ارشادفرمایا : کیا تمہارے مسجد سے باہر جانے سے پہلے میں تمہیں قرآن حکیم کی عظیم ترین سورۃ کے متعلق نہ بتائوں ، پھر آپ نے میرا ہاتھ تھا م لیا، جب ہم مسجد سے نکلنے لگے تو میں نے عرض کی، یارسول اللہ!آپ نے فرمایا تھا کہ آپ مجھے قرآن حکیم کی عظیم ترین سورۃ کے متعلق آگاہ فرمائیں گے، ارشادہوا : یہ سورہ الحمد ہے ، یہ باربار دہرائی جانے والی سات آیات ہیں اورقرآن عظیم جو مجھے عطاء ہوا ہے۔ (صحیح بخاری)حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں ،حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام حضرت ابی بن کعب رضی اللہ عنہ کے پاس تشریف لے گئے اورفرمایا :یا اُبیّ! وہ نماز میں تھے، وہ آپ کی آواز دلنواز کی طرف متوجہ تو ہوئے لیکن اس کا جواب نہ دیا۔نماز کو مختصر کیا اوراس کی تکمیل کے بعد حاضر خدمت ہوئے اورعرض کی السلام علیک یارسول اللہ !حضور نے فرمایا:وعلیک السلام ، اے ابی!جب میں نے تمہیں بلایا تھا تو کس مشغولیت نے تمہیں میرے بلاوے کا جواب دینے سے باز رکھا؟ انھوں نے عرض کی یارسول اللہ ! میں حالت نماز میں تھا، آپ نے ارشادفرمایا: اللہ تعالیٰ نے جو کلام مجھ پر وحی فرمایا ہے کیا اس کلام میں تمہیں یہ حکم نہیں ملا کہ جب اللہ تعالیٰ اوراس کارسول تمہیں اس دعوت کی طرف بلائیں جو تمہاری زندگی کا باعث ہے توحاضر ہوجایا کرو؟ انھوں نے عرض کی یارسول اللہ !کیوں نہیں یہ حکم ہمیں ملا ہے ،اورمیں انشاء اللہ آئندہ کبھی ایسی غلطی نہیں کروں گا۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کیا تم اس بات کے خواستگار ہو کہ میں تمہیں وہ سورۃ سکھائوں جو نہ تورات میں نازل ہوئی، نہ انجیل میں نازل ہوئی، نہ زبور میں نازل ہوئی اورنہ ہی اس جیسی کوئی اورسورۃ قرآن حکیم میں نازل ہوئی ہے ، حضرت ابی نے عرض کی :یارسول اللہ ، آپ نے ارشاد فرمایا: اس  ذات کی قسم! جس کے قبضہء قدرت میں میری جان ہے، اس جیسی سورت نہ تورات میں نازل ہوئی، نہ انجیل میں نہ زبور میں اورنہ ہی قرآن حکیم میں،یہ باربار دہرائی جانیوالی سات آیتیں ہیں، (یعنی سورۃ فاتحہ )اورقرآن عظیم ہے ، جو مجھے عطاء ہوا ہے۔(صحیح بخاری) عبدالملک بن عمیر رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشادفرمایا:فاتحۃ الکتاب سے ہر بیماری کی شفاء ہے ۔(سنن دارمی )

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں