منگل، 2 مارچ، 2021

الکتاب (۵)

 

الکتاب (۵)

حضرت ابوذرغفاری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم ایک رات صبح تک اس آیت کو باربار پڑھتے رہے: ’’اگر تو ان کو عذاب دے تو بیشک یہ تیرے بندے ہیں اوراگر تو ان کو بخش دے تو، تو بہت غالب ، بڑی حکمت والا ہے‘‘۔(المائدہ : ۷۸)(سنن نسائی ، ابن ماجہ)حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ کہ کچھ لوگ قرآن پڑھتے ہیں اوروہ ان کے حلق سے نیچے سے نہیں اترتا، لیکن جب قرآن مجید دل میں ٹھہر کر جم جائے تو نفع دیتا ہے۔ ترتیل کے ساتھ پڑھنے میں قرآن کی زیادہ توقیر اوراحترام ہے اوراس سے دل میں زیادہ تاثیر ہوتی ہے۔(صحیح مسلم )حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ کوئی شخص یہ نہ کہے کہ میں نے فلاں فلاں آیت بھلادی بلکہ یہ کہے کہ فلاں فلاں آیت نے مجھے فراموش کردیا۔(صحیح بخاری)
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم ہر رات کو سورہ اخلاص ، سورہ فلق اورسورہ الناس پڑھ کر اپنی دونوں ہتھیلیوں پر دم کرتے ، پھر ان ہتھیلیوں کو اپنے سراوراپنے چہرہ انورپر اورجہاں تک ہاتھ پہنچتا جسم مبارک پر پھیرتے۔(صحیح بخاری)حضرت ابوذر غفاری رضی اللہ عنہ کے بھائی حضرت انیس نے حضرت ابوذر سے کہا : مکہ میں میری ایک شخص سے ملاقات ہوئی جو تمہارے دین پر ہے، ان کو یہ دعویٰ ہے کہ ان کو اللہ نے رسول بنایا ہے میں نے پوچھا کہ لوگ ان کو کیا کہتے ہیں ؟اس نے کہا : لوگ ان کو شاعر ، کاہن اورساحر کہتے ہیں ، حضرت انیس خود شاعر تھے ، انہوں نے کہا : بہ خدا میں نے کاہنوںکا کلام سنا ہے یہ کاہنوں کا قول نہیں ہے اورمیں نے اس کلام کا شعر کی تمام اصناف اوراقسام سے تقابل کرکے دیکھا ، یہ شعرنہیں ہے ، بہ خدا ! وہ سچے ہیں اورلوگ جھوٹے ہیں۔ (صحیح مسلم )حضرت شداد بن اوس رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ نے ارشادفرمایا :جو مسلمان بھی بستر پر جاکر قرآن کریم کی کوئی سی بھی سورت پڑھ لیتا ہے تو اللہ تعالیٰ اس کی حفاظت کے لیے ایک فرشتہ مقرر فرمادیتے ہیں۔ پھر جب بھی وہ بیدار ہواس کے بیدار ہونے تک کوئی تکلیف دہ چیز اس کے قریب بھی نہیں آتی ۔(ترمذی)
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشادفرمایا : جو شخص رات میں سوآیات کی تلاوت کرے وہ اس رات عبادت گزاروں میں شمار کیا جائے گا۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں