پیر، 1 مارچ، 2021


 

الکتاب (۴)

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جس شخص نے قرآن مجید کی کسی ایک آیت کو قصداً سنا، اس کیلئے ایک نیکی کو دگنا کرکے لکھا جائے گا اورجس نے اس کو تلاوت کیا وہ قیامت کے دن اس کیلئے نور ہوجائے گی۔(مجمع الزوائد )حضرت جابر رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : قرآن پڑھنے والا جب قرآن کے حلال کو حلال قرار دے اوراسکے حرام کو حرام قرار دے تو وہ اپنے گھر کے ان دس افراد کیلئے شفاعت کرے گا جن میں سے ہر ایک کیلئے جہنم واجب ہوچکی ہوگی۔(مجمع الزوائد) حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ جو شخص یہ پسند کرتا ہو کہ اس سے اللہ اوراس کا رسول محبت کرے وہ غور کرے اگر وہ قرآن سے محبت کرتا ہے تو وہ اللہ اوراسکے رسول سے محبت کرتا ہے ۔ (طبرانی ) حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ بیان فرماتے ہیں کہ جو شخص علم کا ارادہ کرے وہ قرآن میں غورکر ے کیونکہ اس میں اولین اورآخرین کا علم ہے ۔ (طبرانی )عثمان بن عبداللہ بن اوس اپنے دادا سے روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: مصحف میں دیکھے بغیر قرآن پڑھنے کا ہزار درجہ اجر ہے ، اورمصحف میں دیکھ کر پڑھنے کا دوہزار درجہ اجر ہے ۔ (مجمع الزوائد)حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : جس شخص نے اپنے بیٹے کو ناظر ہ قرآن پڑھایا اسکے اگلے اورپچھلے گناہ بخش دئیے جائیں گے اورجس نے اس کو زبانی قرآن پڑھایا تو قیامت کے دن اللہ تعالیٰ اس کو ایسی صورت میں اٹھائے گا جیسے چودھویں رات کا چاند ہوتا ہے اوراس کے بیٹے سے کہا جائے گا : قرآن پڑھو اورجب بھی وہ ایک آیت پڑھے گا اللہ تعالیٰ اسکے باپ کا ایک درجہ بلند کردیگا حتیٰ کہ اس کا بیٹا وہ تمام قرآن پڑھ لے گا جو اس کو یاد ہے۔ (مجمع الزوائد )حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو شخص بھی اپنے بچے کو دنیا میں قرآن کی تعلیم دیتا ہے اس کو قیامت کے دن جنت میں تاج پہنا یا جائے گا، جس کو تمام جنت والے پہچان لیں گے کہ یہ دنیا میں اس کے بیٹے کو قرآن پڑھانے کی وجہ سے پہنایا گیا ہے ۔ (مجمع الزوائد)حضرت انس رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جس گھر میں قرآن پڑھا جائے اس میں بہت خیر ہوتی ہے اورجس گھر میں قرآن نہ پڑھاجائے اس میں کم خیر ہوتی ہے ۔ (بزار)

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

چند سورتوں اور آیات کی فضیلت(۱)

    چند سورتوں اور آیات کی فضیلت(۱) قرآن مجید پڑھنا سب عبادتوں سے افضل ہے اور خاص طور پر نماز میں کھڑے ہو کر قرآن مجیدکی تلاوت کرنا ۔ آپ...