جمعہ، 26 فروری، 2021

الکتاب (۱)

 

الکتاب (۱)

حضرت عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : تم میں بہترین شخص وہ ہے جو قرآن مجید کا علم حاصل کرے اورلوگوں کو قرآن کریم کی تعلیم دے۔(صحیح بخاری)

حضرت براء بن عازب رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ ایک شخص سورہ کہف پڑھ رہا تھا ، اس کے گھر میں ایک جانور تھا، اچانک وہ جانور بدکنے لگا، اس نے دیکھا کہ ایک بادل نے اس کو ڈھانپا ہوا ہے ، اس شخص نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے اس واقعہ کا ذکر کیا آپ نے فرمایا: اے شخص ! پڑھتے رہو، یہ سکینہ ہے جو قرآن مجید کی تلاوت کے وقت نازل ہوتی ہے۔(صحیح مسلم)

حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا بیان کرتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : جو شخص قرآن مجید میں ماہر ہو وہ معزز اوربزرگ فرشتوں کے ساتھ رہتا ہے اورجس شخص کو قرآن مجید پڑھنے میں دشواری ہوتی ہو اوروہ اٹک اٹک کر قرآن پڑھتا ہو اس کو دواجر ملتے ہیں ۔(صحیح بخاری )

حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم بیان کرتے ہیں کہ میں نے حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کو یہ فرماتے ہوئے سنا ہے کہ سنو! عنقریب فتنے برپا ہوں گے، میں نے عرض کیا : یا رسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم ! ان فتنوں سے نکلنے کی کیا صورت ہے؟ آپ نے فرمایا : کتاب اللہ ! اس میں تم سے پہلے لوگوں کی خبریں ہیں اور تمہارے بعد والوں کیلئے پیش گوئیاں ہیں اوریہ تمہارے درمیان حکم ہے، یہ (حق اورباطل کے درمیان)فیصل ہے ، بے فائدہ نہیں ہے ، جس متکبر نے اس کو ترک کردیا اللہ تعالیٰ اس کو ہلاک کردے گا، جس نے اس کے علاوہ کسی اورچیز میں ہدایت کو تلاش کیا اللہ تعالیٰ اس کو گمراہی میں رہنے دے گا، یہ اللہ تعالیٰ کی مضبوط رسی ہے ، یہ حکمت آمیز نصیحت ہے ، یہ صراط مستقیم ہے، اس کی وجہ سے خواہشات میں کجی نہیں آئے گی ، کسی زبان کا کلام اس کے مشابہ نہیں ہوسکتا ، علماء اس سے کبھی سیر نہیں ہوں گے، باربار پڑھنے کے باوجود اس سے اکتاہٹ نہیں ہوگی، اسکے اسرار کبھی ختم نہیں ہوں گے، جنوں نے جب اس کو سنا تواس پر ایمان لانے میں بالکل توقف نہیں کیا ، اوربے ساختہ کہا : بے شک ہم نے حیرت انگیز کلام سنا جو صراط مستقیم کی طرف ہدایت دیتا ہے ، ہم اس پر ایمان لے آئے ، جس نے اس کے مطابق کہا اس نے سچ کہا، جس نے اس پر عمل کیا اس کو اجر دیاگیا ، جس نے اس کے مطابق حکم کیا اس نے عدل کیا ، جس نے اس کی دعوت دی وہ صراط مستقیم پر ہدایت یافتہ ہے۔ (جامع ترمذی)

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

مسواک کرنے کی فضیلت

  مسواک کرنے کی فضیلت  انسان کو اللہ تعالی نے اپنی عبادت کرنے کے لیے پیدا فرمایا ۔ اگر ہم اللہ تعالی کی عبادت کریں گے تو دنیا اور آخرت میں ع...