جمعرات، 26 نومبر، 2020

الفقر فخری(۴)

 

 الفقر فخری(۴)

حضر ت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں : حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا بستر چمڑے کا تھا جس میں کھجور کی چھال بھری ہوئی تھی۔(صحیح بخاری)

حضور نبی محتشم صلی اللہ علیہ وسلم کے برادر نسبتی ام المومنین حضرت جویریہ بنت حارث رضی اللہ عنہا کے بھائی حضرت عمرو بن حارث رضی اللہ عنہ سے روایت ہے آپ نے فرمایا: حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے وصال کے وقت نہ کوئی درہم چھوڑا ،نہ دینار ،نہ لونڈی نہ غلام اورنہ کوئی اورچیز سوائے آپ کے سفید خچر اورہتھیاروں کے اورزمین کوآپ نے صدقہ کردیا تھا۔(صحیح بخاری )حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہافرماتی ہیں : حضوراکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا انتقال ہواتو آپ کی زرہ تیس صاع جو کے عوض ایک یہودی کے پاس گروی رکھی ہوئی تھی۔(صحیح بخاری)

حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں : حضورنبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا انتقال ہواتو میرے گھر میں کوئی ایسی چیز نہ تھی جسے کوئی جاندار چیز کھا سکے سوائے کچھ جوووں کے، جو ایک طاقچے میں پڑے تھے میں کافی عرصہ ان جوووں کوکھاتی رہی حتیٰ کہ ایک روز میں نے ان کو ماپ لیا اوروہ ختم ہوگئے۔(صحیح بخاری)حضرت ابوقلابہ ،حضرت ام سلمہ رضی اللہ عنہا کے کسی عزیز سے روایت کرتے ہیں کہ انہوں نے فرمایا:حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا بچھونا اتنا ہی وسیع تھا جتنی قبر میں میت کو رکھنے کی جگہ ہوتی ہے اورآپ کی جائے نماز آپ کے سرہانے کے پاس تھی۔(سنن ابی دائود )حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے اون کا لباس پہنا اورپیوند لگے ہوئے جوتے پہنے ،آپ نے یہ بھی فرمایا کہ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے بشع (کڑواکسیلاکھانا )کھایا اورکھردرالباس پہنا ، حسن سے پوچھا گیا کہ ’’بشع‘‘سے کیا مراد ہے تو انہوں نے فرمایا: موٹے جوجن کو پانی کے گھونٹ کے بغیر نگلنا محال ہو۔(سنن ابن ماجہ)حضرت ابوامامہ رضی اللہ عنہ ، حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں کہ آپ نے فرمایا : اللہ تعالیٰ نے مجھے پیشکش فرمائی کہ سرزمین مکہ کو میرے لیے سونا بنادے میں نے عرض کیا : اے میرے پروردگار ! نہیں بلکہ میں تو یہ چاہتا ہوں کہ ایک روز سیر ہوکر کھائوں اورایک روز بھوکا رہوں ، جب بھوک کا احساس ہوتو تیرے حضور عجز ونیاز کا اظہار کروں اورتجھے یاد کروں اورجب سیر ہوکر کھائو ں تو تیرا شکر کروں اورتیری حمد کروں۔(جامع ترمذی)

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

حضرت سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ(۲)

  حضرت سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ(۲)  آپ نے اسلام کی حالت ضعف میں کل مال و متاع ، قوت قابلیت اور جان و اولاد اور جو کچھ پاس تھاسب کچھ انف...