اتوار، 22 نومبر، 2020

الفقر فخری

 

الفقر فخری

خادم رسول حضرت انس رضی اللہ عنہ بیان فرماتے ہیں کہ وہ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی خدمت میں جو کی روٹی اور پگھلی ہوئی باسی چربی لے کر حاضر ہوئے، حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ نے مدینہ طیبہ کی اپنی زرہ ایک یہودی کے پاس گروی رکھی تھی اوراس کے عوض اس سے اپنے اہل خانہ کے لیے جو حاصل کیے تھے ، راوی قتادہ کہتے ہیں ، میں نے حضرت انس رضی اللہ عنہ کو یہ فرماتے ہوئے سنا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے گھر میں کبھی صاع بھر گیہوں یا صاع بھر اناج نے رات نہیں گزاری حالانکہ آپ کے زیر کفالت نوازواج مطہرات تھیں۔(صحیح بخاری ) حضرت عروہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا نے ان سے فرمایا: بھانجے! ہم ایک چاند دیکھتے ، پھر دوسرا اورپھر تیسرا ، دومہینوں میں تین چاند دیکھتے تھے اوراس عرصہ میں حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے گھروں میں سے کسی گھر میں آگ نہیں جلتی تھی، میں نے عرض کیا : خالہ جان !آپ کی گزراوقات کس چیز پرہوتی تھی؟ آپ نے فرمایا : دوسیاہ چیزوں ، کھجوروں اورپانی پر ، ہاں البتہ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے کچھ انصار پڑوسی تھے ان کے پاس دودھ دینے والے جانور تھے ، وہ ان کا دودھ حضوراکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں بطور ہدیہ پیش کرتے تھے اورآپ ہمیں وہ دودھ پلادیتے تھے۔(صحیح بخاری ) حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا بیان فرماتی ہیں : جب خیبر فتح ہوا تو ہم نے (ایک دوسرے سے )کہا : اب ہم سیر ہوکر کھجوریں کھایا کریں گے۔(صحیح بخاری)

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں : حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کے اہل خانہ نے کبھی (مسلسل )تین روزتک سیر ہو کر نہیں کھایا حتیٰ کہ آپ اس دنیا سے رحلت فرماگئے ۔(صحیح بخاری)

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کچھ لوگوں کے پاس سے گزرے ، انکے سامنے بھنی ہوئی بکری رکھی تھی ، انہوں نے آپکو (شریک طعام ہونے کی )دعوت دی، آپ نے انکے ساتھ کھانے سے انکار کردیا اور فرمایا : حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اس دنیا سے تشریف لے گئے جب کہ آپ نے کبھی جوکی روٹی بھی سیر ہوکر نہیں کھائی۔ (صحیح بخاری) حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہافرماتی ہیں ، حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے اہل خانہ جب سے مدینہ آئے ، آپ کبھی تین راتیں مسلسل گیہوں کی روٹی سے سیر نہیں ہوئے حتیٰ کہ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کاوصال ہوگیا۔(صحیح بخاری)


کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

حضرت سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ(۲)

  حضرت سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ(۲)  آپ نے اسلام کی حالت ضعف میں کل مال و متاع ، قوت قابلیت اور جان و اولاد اور جو کچھ پاس تھاسب کچھ انف...