اتوار، 15 نومبر، 2020

صبرواستقامت والے(۲)

 

صبرواستقامت والے(۲)

حضرت عروہ بن زبیر ؓ  عنہما فرماتے ہیں : میں نے حضرت عبداللہ بن عمرو بن عاص ؓسے عرض کیا: مجھے بتائیے کہ مشرکین نے آپکے ساتھ جو سب سے بڑی سختی کی تھی وہ کیا تھی؟ انہوں نے فرمایا: حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام خانہ کعبہ کے مقام حجر میں نماز پڑھ رہے تھے کہ عقبہ بن ابی معیط آیا، اس نے اپنا کپڑا نبی کریم ﷺ کی گردن میں ڈال کر شدت سے آپ کا گلہ گھونٹا ۔ حضرت ابوبکر ؓ تشریف لائے، انہوں نے عقبہ کو کندھوں سے پکڑ کر حضور ﷺ سے علیحدہ کیا اوریہ آیت پڑھی ’’کیا تم ایک شخص کو محض اس وجہ سے قتل کرنا چاہتے ہو کہ وہ کہتا ہے کہ میرا رب اللہ ہے۔‘‘(صحیح بخاری)
حضرت انس ؓبیان فرماتے ہیں: ایک دن حضرت جبریل امین حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی خدمت میں حاضر ہوئے ،اس وقت آپ تشریف فرما تھے ، آپ کا دل بہت دکھی تھا اورآپ کا جسم لہو لہان تھا، مکہ کے کسی شخص نے آپ کو مضروب کیا تھا، حضرت جبریل امین نے عرض کیا: آپ کو کیا تکلیف پہنچی ہے؟ آپ نے فرمایا: ان لوگوں نے میرے ساتھ یہ یہ سلوک کیا ہے، جبریل امین نے عرض کیا : کیا آپ پسند فرماتے ہیں کہ میں آپ کو نشانی دکھائوں؟ آپ نے فرمایا: انہوں نے وادی کی دوسری طرف ایک درخت کی طرف دیکھا اورحضور نبی کریم ﷺسے عرض کیا: آپ اس درخت کوبلائیے۔ آپ نے اس درخت کو بلایا تو وہ چلتا ہوا آپ کے پاس آیا حتیٰ کہ آپ کے سامنے آکر کھڑا ہوگیا، جبریل امین نے عرض کیا:اس کو لوٹ جانے کا حکم دیجئے ، حضور ﷺ نے اسے حکم دیا تو وہ لوٹ گیا حتیٰ کہ اپنی جگہ پر پہنچ گیا ۔ حضور انورصلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: میری تسلی کے لیے یہ کافی ہے۔(سنن ابن ماجہ)
حضرت حازم رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ حضرت سہل بن سعد رضی اللہ عنہما سے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے زخم کے بارے پوچھا گیا تو انہوں نے انہیں یہ فرماتے ہوئے سنا: خدا کی قسم ! مجھے معلوم ہے کہ کون حضور ﷺ کے زخم کو دھورہا تھا اورکون اس پر پانی انڈیل رہاتھا اورنبی کریم ﷺ (کے زخم)کا علاج کس چیز سے کیاگیا تھا، حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا حضور نبی الصلوٰۃ والسلام کے زخم کو دھورہی تھیں، حضرت علی ؓ ڈھال کے ساتھ اس پر پانی ڈال رہے تھے، جب فاطمہ رضی اللہ عنہا نے دیکھا کہ پانی سے خون میں اضافہ ہورہا ہے توآپ نے چٹائی کا ایک ٹکڑا لیا، اسے جلایا اوراس کو زخم پر چپکا دیا، اس سے خون رک گیا ، اس روز حضور نبی کریم ﷺکے سامنے کا دانت شہید ہوا، چہرہ مبارک زخمی ہوااورخود آپکے سرپر ٹوٹ گیا۔(صحیح بخاری)

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Dunya main kamyabi ka raaz