جمعہ، 18 ستمبر، 2020

گھرکی تصدیق

 


گھرکی تصدیق

اللہ رب العزت نے اپنے پیارے حبیب علیہ التحیۃ والثناء کو وہ پاکیزہ کردار عطا فرمایا کہ جو شخص آپ سے جتنا زیادہ قریب ہوتا اتنا ہی زیادہ آپ کا دامن گرفتہ اور گرویدہ ہوجاتاہے۔ ورنہ بالعموم یوں بھی ہوتاہے۔ کہ بہت سے افراد جو رہنمائی کے دعویدار ہوتے ہیں اور جن سے لوگ بڑی جذباتی وابستگی رکھتے ہیں۔ان کی قربت بسااوقات انکی شخصیت کے تاثر کو زائل کر دیتی ۔کیونکہ ان کے قول وفعل کا تضاد سامنے آجاتا ہے ،اور ان کے کردار کا کھوکھلاپن آنکھوں کے سامنے عیاں ہوجاتا ہے۔ لیکن اللہ کے محبوب گرامی صلی اللہ علیہ وسلم کے کردار میں وہ پختگی ،سیرت میں وہ گہرائی ،شخصیت میں وہ جاذبیت اور مزاج میں وہ شفقت ومحبت تھی کہ آپ کی قربت آپ کی محبت کو دوآتشہ کردیتی تھی۔ 

حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی بعثت مبارکہ ہوئی تو جو سب سے پہلے دائرہ اسلام میں داخل ہوئے، ان میں حضرت خدیجہ الکبری رضی اللہ عنہا ،جو آپ کی اہلیہ اور رفیقہء دم ساز ہیں۔حضرت ابو بکر صدیق جو آپ کے رفیق سفر وحضر ہیں۔ حضرت علی المرتضیٰ جو آپ کی نگاہِ ناز کے تربیت یافتہ ہیں ا ور حضرت زید بن حارثہ ہیں جو حضوراکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے آزاد کردہ غلام اور آپ کے منہ بولے بیٹے ہیں۔

جب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی بعثتِ مبارکہ ہوئی اور آپ اپنے کا شانہ اقدس میں واپس تشریف لائے۔اور آپ نے اپنی اہلیہ محترمہ کو تمام صورت حال سے مطلع فرمایا اور اپنی ذمہ داری سے آگاہ کیا۔اس پر حضرت ام المومنین نے آپ کے روشن کردار اور آفتاب ومہتا ب سے زیادہ اجلی سیرت کی شہادت جن الفاظ میں دی، وہ آب زر سے لکھنے کے قابل ہیں،بلکہ آپ زرتو محض محاورہ ہے ورنہ ان کلماتِ مقدسہ کی قدر وقیمت کا اندازا ہم کسی بھی پیمانہ سے نہیں لگا سکتے۔

آپ نے حضور اطہر صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت عالیہ میں عرض کیا،’’خدا کی قسم اللہ تعالیٰ آپ کو کبھی بے آبرونہیں کرے گا۔آپ قریبی رشتہ داروں کے ساتھ صلہ رحمی کرتے ہیں۔ کم زوروناتواں افراد کا بوجھ اٹھاتے ہیں۔مفلس ونادار کو اپنی نیک کمائی سے حصہ دیتے ہیں۔آنے والے کی مہمان نوازی کرتے ہیں ۔حق کی وجہ سے اگر کسی پر کوئی مصیبت آجائے تو اس کی دستگیری کرتے ہیں۔‘‘

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

حضرت سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ(۲)

  حضرت سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ(۲)  آپ نے اسلام کی حالت ضعف میں کل مال و متاع ، قوت قابلیت اور جان و اولاد اور جو کچھ پاس تھاسب کچھ انف...