ہفتہ، 19 ستمبر، 2020

رفیق سفرو حضر کی گواہی

 

رفیق سفرو حضر کی گواہی

حضرت ابو بکر صدیق ؓکے ذوقِ لطیف نے انھیں بچپن ہی سے نبی کریم ﷺ کا گرویدہ بنارکھا تھا۔وقت گزر نے کے ساتھ ساتھ ان تعلقات میں بڑی گہرائی پیدا ہوتی گئی۔ایک دوسرے کے پاس آمد ورفت رہتی تھی،نشست وبرخاست کا معمول تھا اور اہم معاملات میں صلاح مشورہ بھی معمولات میں شامل ہوگیا تھا۔ تجارت کے سلسلہ میں کئی بار ہم سفر بھی ہوئے۔آثارِ نبوت بچپن سے ہی حضور کی ذات گرامی مرتبت سے ہویدا ہوتے رہتے تھے۔جنہیں حضرت ابوبکر بھی ملاحظہ کرتے تھے۔ حضرت ابوبکر کو ورقہ بن نوفل اور دیگر اہل کتاب علماء اور راہبوں سے ملاقات اور تبادلہ خیالات کا موقع بھی ملتا تھا۔آپ ان سے ایک نبی ختم المرسلین کی آمد کے بارے میں سنتے رہتے تھے اور حضور انور ﷺ کی ذات مبارکہ میں ان علامات کی موجودگی کا اثبات بھی آپ تک پہنچا تھا۔ آپکی بے مثل سیرت وکردار کے آپ ہمہ وقت شاہد بھی تھے۔ آپ کو یقین تھا کہ اللہ رب العزت اس ہستی کو عنقریب مبعوث فرمانے والے ہیں آپ گویا کہ شدت سے منتظر تھے کہ کب آپ اعلان نبوت کریں اور کب وہ اس دعوت کو قبول کریں۔ شیخ ابوزھرہ نے الروض الانف کے حوالے سے آپ کے ایک خواب کاذکر کیا ہے، آپ نے دیکھا کہ چاند مکہ میں اتر اہے اور تمام گھروں میں اسکی روشنی پھیل گئی ہے اور اس کا ایک ایک ٹکڑا ہر گھر میں گرا ہے ۔پھر اس چاند کے بکھرے ہوئے ٹکڑے یکجا ہوگئے اور وہ چاند مکمل ہوکر آپکی آغوش میں آگیا ۔آپ نے اہلِ کتاب کے کسی عالم سے اسکی تعبیر پوچھی تو اس نے بتایا کہ وہ نبی جس کے ہم منتظر ہیں۔اسکے ظہور کی گھڑی قریب آچکی ہے،آپ اسکی پیروی کرینگے۔اور اسکی برکت سے دنیا کے سعید ترین انسان ہوں گے۔ایک روز آپ حکیم بن حزام کے پاس بیٹھے تھے کہ ان کی لونڈی آئی اور بتایا کہ آپ کی پھوپھی خدیجہ آج یہ خیال کررہی ہیں کہ ان کے خاوند حضرت موسیٰ کی طرح نبی مرسل ہیں۔حضرت ابوبکر صدیق نے یہ سنا توخاموشی سے وہاں سے آگئے اور حضور کی خدمت میں پہنچے ۔حضور نے انھیں نزول وحی کے بارے میں بتایا آپ نے عرض کیا۔’’میرے ماں باپ آپ پہ قربان آپ نے سچ فرمایا اور آپ سچوں میں سے ہیں میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سواء کوئی معبود نہیں اور آپ اللہ کے رسول ہیں۔(سبل الھدی)

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

حضرت سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ(۲)

  حضرت سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ(۲)  آپ نے اسلام کی حالت ضعف میں کل مال و متاع ، قوت قابلیت اور جان و اولاد اور جو کچھ پاس تھاسب کچھ انف...