اتوار، 16 اگست، 2020

…خوش رسمے

 

…خوش رسمے

حضرت عثمان غنی کی مدّت خلافت تقریباً ۱۲ سال ہے۔ ابتدائی 6سال نہایت سکون وعافیت سے گزرے اور اصلاحات وفتوحات کا دائرہ وسیع ہوتا رہا، اسکے بعد مملکت اسلامیہ میں فتنہ وفساد کے ایک دور کا آغاز ہوا۔ اس وقت کابل سے لے کر مراکش تک تمام علاقہ مسلمانوں کے زیر نگیں تھا۔ جس میں سینکڑوں قومیں آباد تھیں،ان محکوم قوموں میں فطرۃًمسلمانوں کیخلاف جذبہ انتقام موجود تھا اس لیے انھوں نے سازشوں کا جال پھیلایا۔(شرح صحیح مسلم) ان سازشوں کا مقصد مملکت اسلامیہ میں افتراق وانتشار پھیلانا تھا۔ حضرت عثمان ؓنے اس موقع پر جس طرز عمل کا مظاہرہ کیا وہ ایک پیغمبر کی حسن تربیت کا نتیجہ ہی ہوسکتا ہے اور یہیں سے ایک خلیفہ اور ایک آمر وجابر حکمران کا فرق واضح ہوتا ہے۔ حضور اکرم ﷺ آپ کو اس فتنہ کی خبر دے چکے تھے۔ حضرت مرّہ بن کعب بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ مستقبل میں پیش آنے والے فتنوں کا بیان کررہے تھے کہ اتنے میں ایک شخص کا گزر ہوا جو کپڑااوڑھے جارہا تھا ۔رسول اللہ ﷺنے فرمایا :فتنوں کے وقت یہ شخص ہدایت پر ہوگا۔ میں نے پلٹ کر دیکھا تو وہ حضرت عثمان تھے۔ (ترمذی) حضور نے انھیں صبر واستقامت کی تلقین بھی فرمائی تھی اور یہ تاکید بھی فرمائی تھی کہ اللہ انھیں ایک قمیص (خلافت)پہنائے گا وہ اسے باغیوں کے مطالبے پر ہر گز نہ اتاریں۔ حضرت عثمان ؓاپنے آقاکے حکم سے کیسے روگردانی کرسکتے تھے۔۳۵ہجری میں تقریباً دوہزار مفسدین نے کاشانہ خلافت کا گھیرائو کرلیااور کھانے پینے کی اشیاء پانی تک کی فراہمی میں رکاوٹیں ڈالنے لگے۔ حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم نے ایسے پر آشوب وقت پر حضرت حسنین کریمین کو آپکے گھر کی حفاظت کے لیے بھیج دیا۔ حضرت عبداللہ بن زبیر بھی اپنے جاں نثار ساتھیوں کے ساتھ آگئے۔  مدینہ میں اس وقت وہ لوگ موجود تھے جو اکیلے صفوں کی صفیں پلٹنے کی صلاحیت رکھتے تھے۔ سات سوافراد آپ کی حویلی کے احاطے میں موجود تھے لیکن آپ نے اپنی ذات کی خاطر کسی شخص کو تلوار اٹھا نے کی اجازت نہ دی، نہ آپ نے مدینہ منورہ سے باہر جانا منظور فرمایا ،گھر میں آپ کے 20غلام موجود تھے اُن سب کو بھی آزاد فرمادیا۔ مفسدین کو محسوس ہوا یہ معاملہ اور طول پکڑگیا تو آپ کے جاں نثارہمارے خلاف ازخود کوئی کاروائی نہ شروع کردیں۔ ان میں سے کچھ افراد پڑوس کے گھر میں داخل ہوئے ،وہاں سے آپ کے گھر میں کود گئے اور آپ کو شہید کردیا۔  

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں