ہفتہ، 27 جون، 2020

نفی غیر اور اثباتِ حق

نفی غیر اور اثباتِ حق


مسلمان جب اللہ رب العزت کے کلام پاک کی تلاوت کاآغازکرتے ہیں ،اورچاہتے ہیں کہ وہ قرآنی حقائق و معارف کے سمندر میں غوطہ زن ہوجائیں تو ان کے لیے مندوب ومستحب یہ قراردیاگیاہے کہ وہ تلاوت قرآن کاآغاز استعاذہ کرتے ہوئے کریں استعاذہ کامطلب ہے ’’اعوذباللہ من الشیطٰن الرجیم‘‘یا’’اعوذبااللہ السمیع العلیم من الشیطٰن الرجیم‘‘ پڑھنا۔استعاذہ یہ ہے کہ کسی کو بَالاتراور قوت والا تسلیم کیا جائے، اس سے التجا ء کی جائے، غیر کے شر سے پناہ طلب کی جائے اور پھر اس دستگیر سے وابستگی اختیار کرلی جائے، گویاکہ استعاذہ خداوند قدوس سے التجائ، استدعا اور اس کے دامانِ کرم سے مستقل اور غیر مشروط وابستگی کا نام ہے۔استعاذہ میں شیطان کے شرسے پناہ مانگی جاتی ہے ’’شیطان ‘‘اسے کہاجاتاہے جو اللہ رب العزت کی رحمت سے بہت دور ہوجائے یا حسد بغض اور غصے کی آگ میں جل رہاہو۔ شیطان کو’’الرجیم‘‘سے متصف کیاگیاہے الرجام پتھر کو کہتے ہیں الرجیم وہ بھی ہے جسے نیکی اورخیر سے محروم کرکے بارگاہ رحمت سے دھتکاردیاجائے اورالرجیم دلوں میں وسوسہ ڈالنے والے کو بھی کہتے ہیں۔

شیطان کا مشہور معنوی اطلاق جنات سے تعلق رکھنے والے اس فرد پرکیاجاتاہے جسے ابلیس یا عزازیل کہتے ہیں اسے جن ہونے کے باوجود مقام تقرب عطاہوااوروہ معلم ملکوت قرار پایا۔ لیکن حکم خداوندی سے روگردانی کے باعث مردودو مرجوم ہوگیا۔انسانوں اورجنوں میں سے بہت سے افرادبھی ابلیس سے اپنی مناسبت طبعی کی وجہ سے قرآن کی رو سے شیطان گردانے گئے ہیں ۔ انسان کے اپنے اندرکا نفس شریربھی اکثرا وقات اسے خیر کے راستے سے روکنے کی کوشش کرتا ہے۔’’ تعوذ‘‘ پڑھ کرانسان گویاکہ ہراس شرکی نفی کردیتاہے جواسے عرفان خداوندی سے محروم و محجوب کررہاہو۔تسمیہ پڑھنے سے پہلے تعوذ پڑھنا تطہیروتزکیہ کے عمل کانام ہے، صفائیِ قلب کاذریعہ ہے، اپنی بے کسی کااعتراف ہے اور اپنے خالق ومالک کی لازوال قوتوں پر غیر متزلزل اعتمادکااعلان ہے ۔

انسا ن انفس وآفاق کی ساری صلاحیتوں اور قوتوں پرسے اعتبارختم کرکے صرف اورصرف اپنے مالک سے وابستہ ہوجاتاہے ۔اپنا کاشانہء دل صاف کر لیتا ہے اوراپنے محبو ب کے لئے سراپا انتظار بن جاتا ہے۔
ہرتمنادل سے رخصت ہوگئی
اب تو آجااب توخلوت ہوگئی

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

چند سورتوں اور آیات کی فضیلت(۱)

    چند سورتوں اور آیات کی فضیلت(۱) قرآن مجید پڑھنا سب عبادتوں سے افضل ہے اور خاص طور پر نماز میں کھڑے ہو کر قرآن مجیدکی تلاوت کرنا ۔ آپ...