بدھ، 24 جون، 2020

Nabi BarHaq

نبی برحق


امیر المومنین حضرت علی المرتضیٰ کرم اللہ وجہہ الکریم بیان فرماتے ہیں ، جناب رسالت مآب ﷺنے مجھے یمن کی جانب بھیجا ، میں ایک دن لوگوں سے خطاب کررہاتھا ، یہود کے احبار ہاتھ میں ایک کتاب لیے کھڑے تھے اورکسی مقام سے اس کی عبادت دیکھ رہے تھے ، پھر انہوں نے میری طرف دیکھ کر کہا، ابو القاسم محمد (صلی اللہ علیہ وسلم ) کا وصف تو بیان کرو، میں نے کہا: آپ نہ تو طویل القامت ہیں اورنہ پست قد، بال (مکمل)گھنگریالے ہیں ، نہ لٹکے ہوئے ، سیاہ رنگ کے ہیں ، سرمبارک بڑا ہے ، آپ کی رنگت سرخی مائل ہے ، مضبوط اندام ، انگشت ہائے مبارک پر گوشت ، حلق سے ناف تک بالوں کی سیدھی لکیر ہے، پلکیں دراز اوردونوں ابرو ملے ہوئے ،پیشانی فراخ اوردونوں شانو ں کے درمیان فاصلہ ہے ، ان کی رفتار کے دوران جسم میں جھکائو سا محسوس ہوتا ہے جیسے بلندی سے اتررہے ہوں۔ حضرت علی ؓ فرماتے ہیں کہ جب میں نے حضور کے یہ اوصاف بیان کیے تو ایک یہودی عالم نے کہاکہ ہماری کتاب میں یہی اوصاف موجود ہیں، پھر اس عالم نے مجھ سے استفسار کیا کہ کیا جب آپ اپنی چشم مبارک کھولتے ہیں تو اس میں سرخ ڈورے دکھائی دیتے ہیں ریش مبارک اوردہن اقدس خوبصورت اوردونوں کان مکمل ہیں ،اورجب آپ کسی سے مخاطب ہوتے ہیں تو پوری طرح متوجہ ہوجاتے ہیں، اورجب یہ مکالمہ ختم ہوجاتا ہے یعنی رابطہ اورمیل کے بعد پھر، (سن گن لینے کی خاطر ازرہِ تجسس )توجہ اورنظر نہیں رکھتے؟ حضرت علی المرتضیٰ کرم اللہ وجہہ الکریم نے ارشادفرمایا : جی ہاں ! یقینا آنحضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی یہی شان ہے اس یہودی عالم نے کہا: ایک بات اوربھی ہے میں نے پوچھا وہ کونسی ؟اس نے کہا: کہ آپ میں خمیدگی ہے ، میں نے کہا کہ یہ تو وہی بات ہے جو میں تمہارے سامنے بیان کرچکا ہوں کہ آپ جب محوخرام ہوتے ہیں ، تو آگے کی جانب قدرے جھکے ہوئے دکھائی دیتے ہیں یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے آپ نشیب میں اتررہے ہوں ، اس یہودی عالم نے کہا: میں نے حضرت ابو القاسم محمد (ﷺ )کے یہ اوصاف اپنے اسلاف کی کتابوں میں پائے ہیں ، اورہم نے پڑھا ہے کہ آپ اللہ رب العزت کے گھر، اسکے حرم اورمقام امن سے مبعوث ہوں گے ، پھر آپ اس حرم کی جانب ہجرت فرماجائیں گے ، جس کو آپ نے حرم قرار دیا ہوگا اوراس کی حرمت بھی ایسی ہی ہوگی جیسے اللہ کے حرم کی(ابن عساکر ، ابن سعد)

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

چند سورتوں اور آیات کی فضیلت(۱)

    چند سورتوں اور آیات کی فضیلت(۱) قرآن مجید پڑھنا سب عبادتوں سے افضل ہے اور خاص طور پر نماز میں کھڑے ہو کر قرآن مجیدکی تلاوت کرنا ۔ آپ...