جمعہ، 29 مئی، 2020

وسعتِ عبادت

وسعتِ عبادت


’’ اسلام میں عبادت کا مفہوم چند مخصوص افعال میں منحصر نہیں اسلامی نقطہ نظر کیمطابق جس طرح نماز ادا کرنا عبادت ہے ایسے ہی امانت داری سے تجارت کرنا بھی عبادت ہے حضور سید عالم ﷺ کا فرمان ذیشان ہے ’’امانت داری سے تجارت کرنیوالا قیامت کے دن انبیاء اور شہدا کے ساتھ ہوگا۔‘‘جس طرح حج کرنے سے انسان کو اللہ کی محبت نصیب ہوتی ہے ایسے ہی روز ی کمانے کیلئے محنت ومشقت کرنا بھی عبادت ہے۔حضور ﷺ کا فرمان ہے الکاسب حبیب اللہ ’’مزدوری کرنیوالا اللہ کا دوست ہے۔‘‘جیسے قرآن مجید کی تلاوت کرنا عبادت ہے ایسے ہی کسی کی حاجت پوری کرنا بھی عبادت ہے پیغمبر اسلام ﷺفرماتے ہیں : ’’جب تک ایک بندہ کسی بندے کی مشکل حل کرنے میں لگا رہتا ہے اس وقت تک اللہ تعالیٰ اس کی مشکلیں آسان فرماتا رہتا ہے۔‘‘ جہاں شرک ظلم عظیم ہے وہاں جھوٹی قسم کھانا اور جھوٹی گواہی دینا بھی بہت بڑا ظلم ہے۔ حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول کریم ﷺنے فرمایا کیا میں تمہیں سب بڑے گناہ نہ بتائوں ہم نے عرض کیا کیوں نہیں رسول اللہ! ﷺنے فرمایا : اللہ کے ساتھ کسی کو شریک ٹھہرانا اور والدین کی نافرمانی کرنا حضور سید عالم ﷺ ٹیک لگا کر بیٹھے تھے پھر اٹھ کر بیٹھ گئے اور فرمایا خبر دار جھوٹی گواہی دینا بھی شدید ترین گناہوں میں سے ہے اور آپ اس بات کو باربار دھراتے رہے یہاں تک کہ ہم کہنے لگیں کہ کاش آپ خاموش ہوجائیں۔(ریاض الصالحین ، ص 594) ایک بدو حضور ﷺ کی خدمت اقدس میں حاضر ہوا اور کہنے لگا یا رسول اللہ ! ﷺسب سے بڑا گناہ کون سا ہے تو آپ نے فرمایا اللہ کے ساتھ کسی کو شریک ٹھہرانا اس نے عرض کیا پھر تو فرمایا جھوٹی قسم کھانا۔(ریاض الصالحین ،ص 650) جیسے روزہ توڑنا گناہ ہے ایسے ہی کسی لالچ یا خوف سے کسی بات کو چھپانا بھی گناہ ہے ۔رسول کریم ﷺ فرماتے ہیں ۔ جس سے کوئی بات پوچھی گئی لیکن اس نے وہ بات چھپائی اسے قیامت کے دن آگ کی لگام دی جائیگی۔(ریاض الصالحین ،ص528) جیسے اللہ کی عظمت کو نہ ماننا جرم ہے ایسے ہی غرباء فقراء کی مدد نہ کرنا بھی جرم ہے قیامت کے دن ایک مجرم کے متعلق فرمایا جائیگا۔ ’’اسے پکڑواسکے گلے میں طوق ڈالو۔ پھر اسے جہنم میں داخل کردو پھر اسے ایسی زنجیر میں جکڑوجس کی پیمائش ستر ہاتھ ہے۔ بے شک وہ عظمت والے اللہ پر ایمان نہ لاتا تھا اور مسکین کو کھانا کھلانے کی ترغیب نہ دیتا تھا۔‘‘(الحاقہ : 30:33)(روح عبادت)

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

چند سورتوں اور آیات کی فضیلت(۱)

    چند سورتوں اور آیات کی فضیلت(۱) قرآن مجید پڑھنا سب عبادتوں سے افضل ہے اور خاص طور پر نماز میں کھڑے ہو کر قرآن مجیدکی تلاوت کرنا ۔ آپ...