اتوار، 9 مارچ، 2025

زکوٰۃ کی فرضیت قرآن و حدیث کی روشنی میں(۱)

 

زکوٰۃ کی فرضیت قرآن و حدیث کی روشنی میں(۱)

اسلام میں عبادات کے ساتھ ساتھ سماجی فلاح و بہبود کا بھی خاص اہتمام کیا گیا ہے اور اس مقصد کے لیے جو نظام متعین کیا گیا ہے اس میں زکوٰۃ کو بنیادی حیثیت حاصل ہے۔ زکوۃ نہ صرف ایک مالی عبادت ہے بلکہ ایک سماجی ، معاشی اور اخلاقی نظام ہے جو معاشرے کے کمزور لوگوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بناتا ہے۔ 
زکوٰۃ کی فرضیت : زکوٰۃ کا تصور نہ صرف دین اسلام میں موجود ہے بلکہ پہلی شریعتوں میں بھی زکوۃ فرض تھی۔ حضرت عیسی علیہ السلام کے حوالے سے ارشاد باری تعالیٰ ہے : ’’ اور اس (اللہ ) نے مجھے پوری زندگی نماز اور زکوٰۃ ادا کرنے کا تا کیدی حکم فرمایا ہے ‘‘۔( سوۃ مریم)۔
حضرت اسماعیل علیہ السلام کا تذکرہ کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ قرآن مجید میں ارشاد فرماتا ہے :’’اور وہ اپنے گھر والو ں کو نماز اور زکوٰۃ کا حکم دیتے تھے اور اپنے رب کے نزدیک پسندیدہ تھے ‘‘۔(سورۃ مریم )۔
سورۃ البقرہ میں اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے :’’ اور نماز قائم کرو اور زکوٰۃ ادا کرو اور رکوع کرو رکوع کرنے والوں کے ساتھ‘‘۔ اسی طرح سورۃ المنافقو ن میں اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے : ’’اور جو کچھ ہم نے تمہیں دیا ہے اس میں سے زکوٰۃ دو قبل اس کے کہ تم میں سے کسی کو موت آ جائے ‘‘۔قرآن مجید میں زکوۃ کی اہمیت بیان کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ نے زکوٰۃ کا ذکر دیگر عبادات کے ساتھ بھی کیا ہے۔ 
ارشاد باری تعالیٰ ہے :’’ تمہارے دوست نہیں اللہ اور اس کا رسول اور ایمان والے کہ نماز قائم کرتے ہیں اور زکوٰۃ دیتے ہیں اور اللہ کے حضور جھکے ہوئے ہیں ‘‘۔(سوۃ المائدہ )۔
اور جو لوگ زکوٰۃادا کرتے ہیں اللہ تعالیٰ انہیں اجر عظیم عطا فرماتا ہے۔سورۃ البقرہ میں ارشاد باری تعالیٰ ہے :’’ اور نماز قائم کرو اور زکوٰۃ دو اور جو بھلائی تم اپنے لیے آگے بھیجو گے اسے اللہ تعالیٰ کے پاس پائو گے۔ بیشک اللہ تمہارے اعمال کو دیکھنے والا ہے ‘‘۔ 
سورۃ فاطر میں اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے : ’’ بیشک جو لوگ اللہ کی کتاب پڑھتے ہیں نماز قائم کرتے ہیں اور جو کچھ ہم نے انہیں دیاہے اس میں سے چھپ کر اور کھلم کھلا خرچ کرتے ہیں وہ ایسی تجارت کے امیدوار ہیں جو کبھی نقصان نہیں دے گی ‘‘۔ 
سورۃ المؤمنون میں اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے :’’بیشک وہ مومن کامیاب ہو گئے جو اپنی نماز میں خشوع و خضوع اختیار کرتے ہیں ، جو لغو باتوں سے دور رہتے ہیں اور جو زکوٰۃ ادا کرتے ہیں ‘‘۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

قرآن مجید میں عقل و تدبر کی اہمیت

   قرآن مجید میں عقل و تدبر کی اہمیت  قرآن مجید فرقان حمید انسانیت کے لیے ہدایت ، نور اور فلاح کا کامل ذریعہ ہے۔ اللہ جل شانہ نے جہاں قرآ...