درخت لگانے کے فوائد اور اہمیت
ماحولیاتی آلودگی کی روک تھام اور فضا کو سانس لینے کے قابل بنانے کے لیے درخت لگانے کی بہت زیادہ ضرورت ہے۔ درخت لگانے کی اہمیت کا اندازہ حضور نبی کریم ﷺ کی احادیث مبارکہ سے بھی لگایا جا سکتا ہے۔ حضور نبی کریم ﷺ نے ارشادفرمایا : ” جو بھی مسلمان درخت لگائے یا فصل بو ئے پھر اس میں سے جو پرندہ یا انسان یا چو پایا کھائے تو وہ اس کی طرف سے صدقہ شمار ہو گا “۔ ( بخاری شریف )۔
ایک روایت میں ہے کہ حضور نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا : جس نے کوئی درخت لگایا اور اس کی حفاظت اور دیکھ بھال پر صبر کیا یہاں تک کہ وہ پھل دینے لگا تو اس میں سے کھایا جانے والا ہر پھل اللہ تعالیٰ کے نزدیک ( اس کے لگانے والے ) کے لیے صدقہ ہو گا۔ ( مسند احمد )۔
حضور نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا :” جس نے کسی ظلم و زیادتی کے بغیر کو ئی گھر بنایا یا ظلم و زیادتی کے بغیر کوئی درخت اُگایا ، جب تک اللہ تعالیٰ کی مخلوق میں سے کوئی ایک بھی اس میں سے نفع اٹھا تا رہے گا تو لگانے والے کو ثواب ملتا رہے گا “۔ ( مسند احمد )
درخت لگانے کے بہت سارے فوائد ہیں۔ درخت اور پودے ہوا سے کاربن ڈائی آکسائیڈ جذب کرتے ہیں اور آکسیجن مہیا کرتے ہیں۔ آکسیجن انسانی زندگی کے لیے انتہائی ضروری ہے اس کے بغیر انسان زندہ نہیں رہ سکتا۔ درخت درجہ حرارت کو بڑھنے سے روکتے ہیں ، درخت اور پودے لگانے سے ما حول ٹھنڈا اور خوشگوار رہتا ہے۔ درخت لینڈ سلائیڈنگ کی روک تھام کا بھی باعث بنتے ہیں ، کیونکہ درخت کی جڑیں زمین کی مٹی کو روک کر رکھتی ہیں۔ جس کی وجہ سے زمین کا کٹاﺅ یا لینڈ سلائیڈنگ نہیں ہوتی۔عالمی ماحول کے درجہ حرارت میں خطر ناک حد تک اضافہ ”گلوبل وارمنگ “ کہلاتا ہے۔ جس کی وجہ درختوں کو تیزی سے کاٹنا اور صنعتوں کو تیزی سے قیام میں لانا اور بسوں اور گاڑیوں میں سے نکلنے والا دھواں ہے۔ درخت اور پو دے گلوبل وارمنگ میں کمی کا سبب بنتے ہیں۔ اس لیے ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں تا کہ گلوبل وارمنگ سے بچ سکیں۔
اس کے علاوہ درخت لگانے کے بہت سے معاشرتی فوائد بھی ہیں۔ مثلا ً درخت لکڑی کے حصول کا ذریعہ ہیں اور لکڑی کا انسانی زندگی میں کلیدی کردار ہے۔ درختوں کی لکڑی ہماری ایندھن کی ضروریات کو پورا کرتی ہے اور اس کے علاوہ درختوں کی لکڑی سے کھڑکیاں ، دروازے اور دیگر گھریلو سامان تیار ہو تا ہے۔ درختوں سے ہم طرح طرح کے پھل اور میواجات حاصل کرتے ہیں جو کہ ہماری صحت کے لیے انتہائی مفید ہیں۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں