فضائل قرآن (۱)
حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشادفرمایا : قرآن کریم ایسی شفاعت کرنے والا ہے ، جس کی شفاعت قبول کی گئی اورایسا جھگڑا کرنے والا ہے کہ اس کا جھگڑا تسلیم کرلیا گیا، جو شخص اس کو اپنے آگے رکھے یعنی اس پر عمل کرے اس کو یہ جنت میں پہنچا دیتا ہے،اورجو اس کو پیٹھ کے پیچھے ڈال دے یعنی اس پر عمل نہ کرے اس کو یہ جہنم میں گرادیتا ہے۔(صحیح ابن حبان)
حضرت عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے ارشادفرمایا: روزہ اورقرآن کریم دونوں قیامت کے دن بندے کیلئے شفاعت کریں گے۔ روزہ عرض کریگا: اے میرے رب! میں نے اس کوکھانے اورنفسانی خواہش پوری کرنے سے روکے رکھا میری شفاعت اسکے بارے میں قبول فرما۔ قرآن کریم کہے گا: میں نے اسے رات کو سونے سے روکا (کہ یہ رات کو نوافل میں میری تلاوت کرتا تھا)میری شفاعت اس کے بارے میں قبول فرما چنانچہ دونوں اس کیلئے سفارش کریں گے۔(مسند احمد، طبرانی ، مجمع الزوائد)
حضرت ابوذر غفاری رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھ سے ارشادفرمایا : قرآن کریم کی تلاوت اوراللہ تعالیٰ کے ذکر کا اہتمام کیا کرو، اس عمل سے آسمانوں میں تمہارا ذکر ہوگا اوریہ عمل زمین میں تمہارے لئے ہدایت کا نور ہوگا۔(بیہقی)
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں