اتوار، 24 اکتوبر، 2021

شانِ استقلال



شانِ استقلال

حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو مکی زندگی میں بڑے سخت اورجاں گسل مرحلو ں سے گزرناپڑا۔ نبوت کے ساتویں سال کفار مکہ نے باہم مل کر معاہدہ کیا کہ جب تک بنو ہاشم محمد (ﷺ )کو قتل کیلئے ہمارے حوالے نہ کردیں ،کوئی شخص ان سے کسی قسم کا تعلق نہ رکھے ،نہ انکے ساتھ رشتہ کرے ،نہ سلام وکلام کرے، نہ انکے ساتھ خرید وفروخت کرے ،نہ اس سے ملے اورنہ انکے پاس کھانے پینے کا سامان جانے دے۔ جب سب لوگ اس معاہدے پر متفق ہوگئے تو انہوں نے اسے ایک صحیفہ میں قلم بندکیا پھر اسکی پابندی کا پختہ وعدہ کیا اور اسے کعبہ مقدسہ کے اندر آویزاں کردیا ۔تاکہ ہر شخص اسکی پابندی کرے۔ یہ معاہد ہ منصور بن عکرمہ نے لکھا تھا ۔ اللہ تعالیٰ نے اسکی انگلیوں کو شل کردیا ۔ نہ وہ حرکت کرسکتی تھیں نہ ان سے لکھا جاسکتا تھا۔ کفارومشرکین کی سازشیوں کے پیشِ نظر جناب ابو طالب بنو ہاشم اوربنو مطلب کی معیت میں ایک گھاٹی میں منتقل ہوگئے جو شعب ابی طالب کے نام سے مشہور تھی۔یہ گھاٹی انھیں ورثہ میں ملی تھی اور آپکی ملکیت تھی۔ بنوہاشم میں سے ابو لہب وہ بدبخت تھا،جس نے اپنی قوم کا ساتھ دینے کی بجائے کفارومشرکین کا ساتھ دیا۔ شعب ابی طالب کا مرحلہ بڑا ہی سخت اوردشوار تھا، مکہ کے باز ار اور منڈیاں تو ان لوگوں پر بند کر ہی دی گئیں تھیں۔ اگر کوئی قافلہ تجارت باہر سے مکہ مکرمہ آتا تو اس پر بھی پابندی تھی کہ وہ بنوہاشم کے ہاتھ کسی قسم کوئی سامان فروخت نہ کریں ،مکہ کے تاجر آگے بڑھ کر ان سے سارا سامان خرید لیتے ۔ 
اگر مسلمان کسی طرح ان تاجروں تک پہنچ جاتے تو ابو لہب انھیں تاکید کرنا کہ انھیں اتنی زیادہ قیمت بتائو کہ یہ خرید ہی نہ سکیں اگر تمہیں خسارہ ہوا تو اسے میں پورا کرونگا۔ نوبت یہاں تک پہنچی کہ محصور ین کو بسااوقات درختوں کے پتے کھا کر گزارا کرنا پڑتا۔ حضرت سعد ابن ابی وقاص رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ ان ایّا م میں ایک دفعہ مجھے خشک چمڑے کاایک ٹکڑا ہاتھ آیا ،میں نے اسے دھویا اورجلاکر نرم کرلیا اورپانی کے گھونٹ کے ساتھ نگل کراپنی بھوک مٹائی۔ چھوٹے چھوٹے بچے بھوک سے بلکتے رہتے ۔ لیکن کفار کو کوئی رحم نہ آتا اوروہ خوراک کاایک دانہ بھی وہاں تک نہ پہنچنے دیتے اورانھوں نے اس کام کیلئے باقاعدہ پہریدار مقررکردیے تھے۔ اگر کوئی ایسا کرتا ہوا پکڑا جاتا تو اس کے خلاف سخت کاروائی کی جاتی، ان تمام شدتوں اورتکلیفوں کے باوجود نہ حضور سید عالم ﷺکے پائے ثبات میں کوئی لغزش آئی اورنہ ہی آپ کے ساتھیوں میں سے کسی ایک نے بھی کسی کمزوری کا مظاہرہ بلکہ حضور اس حال میں بھی قبائل کو پیغام اسلام پہنچاتے رہے اورپورے جوش وخروش سے تبلیغِ اسلام کو جاری رکھا۔

 

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

چند سورتوں اور آیات کی فضیلت(۱)

    چند سورتوں اور آیات کی فضیلت(۱) قرآن مجید پڑھنا سب عبادتوں سے افضل ہے اور خاص طور پر نماز میں کھڑے ہو کر قرآن مجیدکی تلاوت کرنا ۔ آپ...