ہفتہ، 25 ستمبر، 2021

ایمان اور اعمالِ صالحہ

 

ایمان اور اعمالِ صالحہ

٭حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم روایت فرماتے ہیں ۔ جناب رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا : ایمان اور عمل دو بھائی دونوں ایک چیزیں ہیں ۔اللہ تعالیٰ کسی ایک کو دوسرے کے بغیر قبول نہیں فرمائے گا۔ (کنزالعمال )

٭حضرت اسید بن عبد اللہ روایت فرماتے ہیں حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا : تم میں کوئی اس وقت تک مومن نہیں ہوسکتا جب تک اپنے بھائی کے لیے بھی وہی چیز پسند نہ کرے جو اپنے لئے پسند کرتا ہے اور مسلمان وہ ہے جس کی زبان اور ہاتھ سے دوسرے مسلمان محفوظ رہیں۔ تم میں سے کوئی اس وقت اس کے شر سے محفوظ نہ ہوجائے۔ (ابن عساکر)

٭حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں۔ حضور انور صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا :  بندہ اس وقت تک مشرف با یمان نہیں ہوسکتا ۔ جب تک کہ اس کی زبان اور دل یکساں نہ ہوجائیں،اور جب تک اس کا پڑوسی اس کی تکلیف سے محفوظ نہ ہوجائے اور نہ اس کا عمل اس کے قول کی مخالفت کرئے۔ (ابن نجار)

٭حضرت عمر بن حمق رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں ۔نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا : بندہ اس حقیقت ایمان تک رسائی حاصل نہیں کرسکتا جب تک کہ اس کی محبت اور نفرت اللہ ہی کے لئے نہ ہوجائے ۔پس جب وہ اللہ ہی کے لیے محبت اور نفرت کا خوگر ہوجائے تو وہ اللہ رب لعز ت کی طرف سے ولایت کا مستحق ہوجاتا ہے۔ اور میر ے بندوں میں سے میرے اولیاء اورمیری مخلوق میں سے میرے محبوب بندے وہ ہیں جو میرا ذکر کرتے ہیں اور میں ان کا ذکر کرتا ہوں۔ (مسند امام احمد بن حنبل ،طبرانی)

٭حضرت عمار بن یاسر رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں ۔ حضور نبی رحمت صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشادفرمایا: جس نے تین خصلتوں کو جمع کرلیا بلاشبہ اس نے ایمان کی خصلتوں کو (اپنے وجود میں ) جمع کرلیا۔ 1:۔تنک دستی میں خرچ کرنا ، 2:۔ اپنے آپ سے (بھی)انصاف کرنا اور عالم کو سلام کرنا ۔(طبرانی ، بزار ،ابو نعیم )

حضرت جابر رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں ۔ حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا : ایمان صبر اور فیاضی کا نام ہے۔ (مسند ابو یعلی ،طبرانی)

٭محمد ابن نصرالحارثی رحمتہ اللہ علیہ مرسلاً روایت کرتے ہیں کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :ایمان حرام اشیاء (سے اجتناب )اور نفسانی خواہشات سے عفت وپاک دامنی کا نام ہے۔(ابو نعیم )

٭ حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے ۔حضور نبی محتشم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا : ایمان دونصف حصوں کا نام ہے۔ نصف صبر میں ہے اور نصف شکر میں ۔ (شعب الایمان ۔امام بہیقی )

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

چند سورتوں اور آیات کی فضیلت(۱)

    چند سورتوں اور آیات کی فضیلت(۱) قرآن مجید پڑھنا سب عبادتوں سے افضل ہے اور خاص طور پر نماز میں کھڑے ہو کر قرآن مجیدکی تلاوت کرنا ۔ آپ...