اتوار، 29 اگست، 2021

ہر ایک کے لیے خلوص

 

ہر ایک کے لیے خلوص

امام بخاری رحمتہ اللہ علیہ حدیث الباب کے طور پر حضور اکرم ﷺکا ارشاد گرامی نقل فرماتے ہیں ۔ ’’ دین اللہ تعالیٰ ، اسکے رسول ، سر بر اہا نِ امت اور عوام الناس کیلئے دل میں خلوص رکھنے کا نام ہے۔ ‘‘ حضور اکرم ﷺ کا یہ ارشاد گرامی دینِ اسلام کے خوبصورت اور حسین مزاج کا عکاس ہے۔ اور وہ مزاج ہے ،خلوص اور خیر خواہی۔ مومن کا وجود سراپا خیر ہونا چاہیے ۔ اسکی ذات کو ہمیشہ دوسروں کیلئے نفع بخش اور فیض رساں ہونا چاہیے ۔ اسلام دینِ محبت ہے ۔ جو خلوص کو حاصل دین قرار دیتا ہے اور خالق سے مخلوق تک ، حکمران سے رعایا تک سب سے خیر خواہی کی تلقین کرتا ہے ۔ 
٭اللہ کیلئے خلوص: اللہ تبارک وتعالیٰ کیلئے اخلاص یہ ہے کہ انسان پوری آمادگی اور جذبہء تسلیم ورضا ء کے ساتھ اللہ پر ایمان لائے ۔ اس کا ایمان نفاق سے بھی مبرّا ہونا چاہیے اور دنیاوی حرص و لالچ سے بھی ۔عظمت توحید اسکے دل میں راسخ ہو وہ اللہ کی بندگی اللہ کیلئے کر ے نہ کہ ریاکاری اور شہرت کیلئے اللہ کی عبادت اور اطاعت کو اپنا شعار بنائے ، اسکے احکام کو حق سمجھے ۔ معصیت سے کنارہ کش رہے ۔اسکے دوستوں سے محبت کرے اور اسکے دشمنوں سے دور رہے ۔ہمیشہ اللہ رب العز ت کی رضا کا جویاں رہے اور اس کے قرب کے ذرائع تلاش کرتا رہے۔ 

رسول کریم ﷺکیلئے خلوص: رسول اکر م ﷺ کیلئے اخلاص یہ ہے کہ آپکی رسالت پر دل سے ایمان لائے۔ آپکی محبت سے سرشار ہو اور آپکی اطاعت پر کار بند ہو۔ آپکی سنتِ مطہرہ کو اپنی زندگی کا لائحہ عمل بنائے اور آپکے لائے ہوئے دین پر کا ربند رہے ۔ آپکی پاکیزہ اور بے داغ زندگی کو ہدایت کا سر چشمہ سمجھے اور پورے یقین وآگہی سے آپکے احکام کی بجاآوری کی کوشش کرے۔

 سربراہانِ مِلّت کے ساتھ خلوص: مسلمان حکمران اگر وہ شریعت مطہرہ پر عمل کریں تو ان کا دست وبازو بنا جائے۔ ان کے احکام کی پیروی کی جائے ۔ بغاوت اور سرکشی سے اجتناب کیا جائے۔ مسلمانوں کی اجتماعیت کی حفاظت کی جائے اور مسلم معاشرے کو انتشار و افتراق اور ٹکڑ ے ٹکڑے ہونے سے بچایا جائے ۔ حکمرانوں کو اچھے مشورے دیے جائیں ۔ 

عوام کیلئے خلوص: مسلمان ایک دوسرے سے محبت کریں ۔ صلہ رحمی کو فروغ دیں ۔ ایک دوسرے کو دھوکہ نہ دیں ۔ مسلمان نہ تو ایک دوسرے پر ظلم کریں اور نہ دوسرے مسلمان پر ظلم وجور کے آلہ کا ر بنیں ۔ رشوت، سفارش اقربا پروری کے ذریعے حق دار کو اسکے حق سے محروم نہ کریں ۔ معاشرے کے تونگر اور صاحب اختیار لوگ ایسی حکمت اور تدابیر اختیار کریں کہ معاشرے میں عدل وانصاف اور آسودگی کی فضاء پیدا ہو۔


کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

چند سورتوں اور آیات کی فضیلت(۱)

    چند سورتوں اور آیات کی فضیلت(۱) قرآن مجید پڑھنا سب عبادتوں سے افضل ہے اور خاص طور پر نماز میں کھڑے ہو کر قرآن مجیدکی تلاوت کرنا ۔ آپ...